انتخابی بل بھونڈے انداز میں پاس کرایا‘ پارلیمنٹ کے ساتھ مذاق ہے: نیئر بخاری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے انتخابی اصلاحات بل جلدبازی اور بھونڈے انداز میں پاس کرایا گیا۔ یہ پارلیمنٹ کے ساتھ مذاق ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ذاتی مفادات کی خاطر ہر ادارے کے وقار کو سوالیہ نشان بنانا مسلم لیگ (ن) کی روایت ہے۔ اب مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ کی آڑ میں چھپ رہی ہے۔ ایسی حرکت سے نواز اینڈ کمپنی کے چہرے پر لگے داغ دھل نہیں سکیں گے۔ صاف نظرآرہا ہے یہ سب کچھ ایک شخص کو بچانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق انہوں نے کہا عدالتی الزامات کی زد میں آئے کسی ایک شخص کو فائدہ پہنچانے کیلئے قانون سازی جمہوری نظام کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ پارلیمنٹ سے کترانے والے سابق وزیراعظم نوازشریف اور (ن) لیگ اب پارلیمنٹ کی آڑ تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا جس انداز سے بل پاس کرایا گیا‘ اس سے ثابت ہوتا ہے مسلم لیگ (ن) نے بھی نوازشریف پر لگنے والے بدعنوانی کے الزامات کا یقین کر لیا ہے اس لئے نااہل قرار دیئے گئے شخص کو اپنی جماعت کا سربراہ بنانے کی قانون سازی کی۔ حکمران جماعت نے اس عمل سے ثابت کر دیا وہ بدعنوانی اور خیانت کو جائز تصور کرتی‘ اگر ایسا ہے تو پھر انسداد بدعنوانی کے ادارے بند کر دیئے جائیں۔