گوادر پورٹ: چین کے تعاون سے ایکسپریس وے کی تعمیر سمجھوتے پر دستخط آج ہوں گے
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک ایک اہم منصوبے کی تقریب آج گوادر میں ہوگی۔ گوادر بندر گاہ کو کوسٹل ہائی وے سے ملانے والے ایسٹ وے ایکسپریس کی تعمیر کے لئے سمجھوتے پر دستخط کئے جائیں گے۔ ایکسپریس وے 19 کلومیٹر طویل ہوگا جس میں 6روی سڑک اور دو رویہ ریلوے ٹریک شامل ہوں گے۔ چائنا کمیونی کیشن کنسٹریکشن کمپنی ایکسپریس وے کو تعمیر کریگی۔ اس سلسلے میں آج ہونے والے سمجھوتے پر چین کے وزیر ٹرانسپورٹ اور پاکستان کی طرف سے وزیر مملکت برائے پورٹس اینڈ شپنگ چوہدری جعفر اقبال دستخط کریں گے۔ وزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے بتایا کہ ایسٹ وے ایکسپریس وے آف گوادر کے لئے چین کی حکومت نے بلا سود قرضہ فراہم کیا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے گوادر بندرگاہ کو کوسٹل ہائی وے تک سامان کی ترسیل نہایت آسان ہوجائیگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی کیلئے میاں نواز شریف کے وژن کے مطابق ترقی کا سفر جاری رہیگا۔