سابق حکمران قوم کے مجرم، عوام کی آسانیوں کیلئے سرمایہ خرچ کر رہے ہیں: پرویز خٹک
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے منشور کے تحت عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور اُنکے مسائل کے ازالے کیلئے سرمایہ خرچ کر رہی ہے۔ سابق حکمران عوام کے مجرم ہیں جنہوںنے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کو قومی فلاح پر ترجیح دی۔صوبے کے سابق حکمرانوں نے قومی وسائل لوٹ کر اپنے لئے عالیشان محلات کھڑے کئے ہیں اور لینڈ کروزر میں گھومتے ہیں مگر کبھی یہ فکر تک نہیں کی کہ غریب کو جینے کی بنیادی سہولیات بھی میسر ہیں کہ نہیں۔ تحریک انصاف نے اس مجرمانہ سیاست کا خاتمہ کرکے عوام کی خدمت پر مبنی سیاست اور حکمرانی کا شفاف نظام متعارف کرایا ہے۔ہم کرپشن، لوٹ مار اور رشوت کے خلاف کھڑے ہیں۔ ہم حرام خور نہیں ہیں۔ 35 سالہ سیاست میں کبھی میرے گھر حرام کا پیسہ نہیں آیا۔ہمارے نزدیک حرام کھا کر جینے سے موت بہتر ہے۔تحریک انصاف کی نظام کی شفافیت کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات سے مخالفین خوفزدہ ہیںکیونکہ اُنہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔صوبائی حکومت کی گزشتہ چار سالہ کارکردگی اور غریب دوست پالیسیوں کی بدولت صوبے کے کونے کونے سے منتخب نمائندوں اور عوام وخواص کا تحریک انصاف میں شمولیت کا رجحان روز بروز بڑھتا جار ہا ہے اور سب لوگ اپنی سوچ کے تحت تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ہم اُصولی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ زبردستی کی سیاست نہیں کرتے ۔اس صوبے کی تاریخ ہے کہ کوئی پارٹی دوبارہ حکومت بنانے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔2018 میں دوبارہ برسراقتدار آکر صوبے کی تاریخ بدل دیں گے ۔ہم نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پاکستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیںجس کے لئے عمران خان جیسے ایماندار قائد کی ضرورت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کا جذبہ اور صلاحیت رکھتا ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اضاخیل پایان ضلع نوشہر ہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع ناظم لیاقت خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، تحصیل ناظم رضا اﷲ خان، پی ٹی آئی کے مقامی صدر مسلم خان نے بھی خطاب کیاجبکہ احد خٹک، اسحاق خٹک اور مقامی نمائندوں کے علاوہ معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پرویز خٹک نے اس موقع پر ڈینگی کے حوالے سے بھی خصوصی بات کی اور کہاکہ ہر کسی کو سمجھنا چاہیئے کہ ڈینگی وائرس اچانک آتا ہے ۔ محکمہ صحت خیبرپختونخوا ہر سال اس کے ٹیسٹ لیتا ہے مگر اس بار ڈینگی وائرس سے متعلق کچھ نظر نہیں آیا تھا ۔ڈینگی وائرس کے خلاف سب سے اہم چیز احتیاط ہے ۔ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جہاں کہیں کھڑا پانی موجود ہو اُسے ختم کریں۔ تعلیم، صحت ، پولیس سمیت تمام صوبائی محکموں کو سیاسی غلامی سے آزاد کرکے ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا ہے۔ صحت انصاف کارڈ کے تحت پچھلے سال صوبے کے لاکھوں مستحق خاندانوں کو سالانہ پانچ لاکھ تک مفت علاج کی سہولت دی گئی۔ رواں سال مزید 10 لاکھ کارڈ تقسیم کر رہے ہیں۔ اس طرح صوبائی حکومت کے غریب دوست اقدام سے مستفید ہونے والے مستحق خاندانوں کی تعداد 24 لاکھ ہوجائیگی۔ اپنی چار سالہ کارکردگی کی وجہ سے 2018ء کے عام انتخابات میں نہ صرف خیبر پی کے بلکہ پورے ملک میں حکومت بنائیں گے۔ ڈاکوئوں کی سیاست کا باب مکمل طو رپر بند ہونے والاہے۔