• news

ایم کیو ایم سے اتحاد‘ عمران سابقہ بیانات پر معافی مانگیں: خورشید شاہ

اسلام آباد (آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان اتحاد پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایم کیو ایم کے خلاف دیئے گئے اپنے سابقہ بیانات پر معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ماضی میں ایم کیو ایم پر سنگین الزامات لگائے‘ اب اتحاد کرنے جا رہے ہیں تو سابقہ الزامات پر عمران خان کو معافی مانگنی چاہیے۔ عمران خان کو اپنے سابقہ بیانات پر شرمندگی کا اظہار کرنا چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کےلئے ایم کیو ایم اور تحریک انصاف جو مرضی کوشش کرنا چاہیں کر لیں قواعد پر عملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا‘ تاہم ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کا سیاسی اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکے گا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان میں قائد حزب اختلاف بننے کی اہلیت نہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف لیاقت جتوئی اور اعظم سواتی جیسا الیکشن کمشنر چاہتے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے عمران خان کے خورشید شاہ کے خلاف بیانات کے ردعمل میں کہا کہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے ہر قدم پر پی ٹی آئی کی عزت بچائی۔ عمران خان کو قائد حزب اختلاف پر تنقید زیب نہیں دیتی۔
خورشید شاہ

ای پیپر-دی نیشن