;;کنٹرول لائن‘ خاتون کے شہید ہونے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی‘ شدید احتجاج
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر ایک بار پھر سخت احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا ڈاکٹر فیصل نے بھارت کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے انہیں احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ واضح رہے 22 ستمبر کولائن آف کنٹرول پر پر بھارتی افواج نے کوٹلی نکیال سیکٹر میں بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں بالاکوٹ گاو¿ں میں 22 سالہ خاتون شہری شہید ہوگئی جبکہ دو شہری زخمی ہوئے۔ احتجاجی مراسلہ میں کہا گیا ہے پاکستان کی طرف بار بار تحمل کے مطالبے کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 2017ءمیں اب تک بھارتی افواج نے 873سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باو¿نڈری کی خلاف ورزیاں کی ہیں جن کے نتیجے میں 39معصوم شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 144 ہو چکی ہے۔ بھارت سے کہا گیا جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے خلاف ہے۔ بھارت پر زور دیا گیا ہے وہ 2003ءکی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی افواج کو ہدایت کرے وہ جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ایل او سی اور ورکنگ باو¿نڈری پر امن قائم رکھے۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے دئیے گئے مینڈیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ملٹری ابزرور گروپ انڈیا و پاکستان کو کام کرنے کی اجازت دے۔
پاکستان/ احتجاج