کھلاڑیوں کو کرکٹر بنانایایوسین بولٹ ؟یویوٹیسٹ بہت مشکل ، فٹنس کا فیصلہ میدان کرتاہے : کامران اکمل
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کا کہنا ہے ہم نے پرفارمرز اور ٹیلنٹڈ کرکٹرز سامنے لانے ہیں یا اتھلیٹ، کیا ہم اپنے کرکٹرز کو یوسین بولٹ بنانا چاہتے ہیں۔ جن لوگوں نے یویو ٹیسٹ اور اسطرح کی دیگر چیزیں نکالی ہیں یہ چند سال پہلے ایسا کرتے تو ان کے ساتھ بہت برا ہوتا، ماضی قریب میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے کرکٹرز کیا یویو ٹیسٹ پاس کرتے تھے؟؟ لیکن سب کا شمار عظیم کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ شان مسعود کی فٹنس بہت اچھی ہے تو کیا انہیں تینوں فارمیٹس میں شامل کر لیا جائے؟ مجھے خوشی ہے کہ اظہر علی اور یاسر شاہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کرکٹ میں پرفارمنس اور سکل سب سے اہم ہے باقی چیزیں اس کے بعد آتی ہیں۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ کون کتنا فٹ ہے اسکا فیصلہ کھیل کا میدان کرتا ہے۔ کسی بھی کرکٹر کی فٹنس کا معیار جانچنے کا سب سے بڑا پیمانہ گراونڈ اور میچ ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی پورا میچ کھیلے، میدان میں رہے،پوری باولنگ کرے لمبی باری لے تو وہ کیسے ان فٹ ہو سکتا ہے۔ عمر اکمل کو جس تاثر کی وجہ سے ٹیم ڈراپ کیا گیا امید ہے وہ اس تاثر کو جلد غلط ثابت کرے گا۔ پرفارمنس اسکا مسئلہ نہیں ہے نا وہ اس بنیاد پر ٹیم سے باہر ہوا ہے۔ وہ جن مسائل کا شکار ہے جلد باہر آئے گا۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسکےبساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا ایسا نہین ہونا چاہیے تھا۔ میں نے بھی اب این سی اے جانا کم کر دیا ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ کوئی باہر سے آنیوالا ہمارے کرکٹرز کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرے۔ غیر متعلقہ افراد کو ریڈ کارپٹ دیا جائے اور کرکٹرز کی تذلیل کی جائے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹرز کی وجہ سے ہے۔انضمام الحق اور مدثر نذر کی موجودگی مین امید کرتا ہوں پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوئی ناانصافی نہیں ہو گی۔ یونس خان اور مصباح الحق عظیم کرکٹرز ہیں انہوں نے ایک عرصے تک بیٹنگ میں پرفارم کیا ہے۔ انکی عدم موجودگی میں ذمہ داری ٹیم کے سینئر بلےبازوں پر آئے گی ممکن ہے سری لنکا کے خلاف مشکلات پیش نہ آئیں لیکن مضبوط ٹیموں کے خلاف ہمیں انکی کمی محسوس ہو گی۔ عثمان صلاح الدین اور حارث سہیل دونوں کو موقع ملنا چاہیے۔ اظہر علی کا نمبر تبدیل کرنا غلط ہو گا۔ شان مسعود کو پورا موقع دیں۔ ان آوٹ کرنے سے کھلاڑی کا اعتماد خراب ہوتا ہے۔ عثمان صلاح الدین نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں خاصی پرفارمنس دی ہے اسے رنز کرنا آتے ہیں وہ لمبی بیٹنگ کرنے کا فن جانتا ہے خواہش ہے کہ وہ کامیاب ہو۔ ڈومیسٹک کرکٹ پر تنقید وہ کرتے ہیں جو کبھی گراونڈ میں نہیں آتے نہ ہی پاکستان میں زیادہ وقت گذارتے ہیں۔ باہر سے بیٹھ باتیں کرنا آسان ہے۔ ہماری فرسٹ کلاس کرکٹ بہت سخت اور مشکل ہے گذشتہ برس تمام سینٹرز پر بہت اچھی اور معیاری پچز پر کھیلنے کا موقع ملا امید ہے اس مرتبہ زیادہ اچھے ماحول اور انتظامات کے ساتھ ٹرافی کے میچز ہونگے۔ میرانشاہ میں کرکٹ میچ کا تجربہ بہت اچھا تھا افواج پاکستان اس کامیابی پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ تمام انتظامات بہت اچھے تھے لوگ بہت محظوظ ہوئے وہاں ہمین مقامی افارد نے بتایا کہ ستر سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر اس قسم کی تفریح ملی ہے۔ یہ حکومت،افواج پاکستان اور عوام کی کامیابی ہے۔ ملک میں صرف کرکٹ ہی نہیں تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال ہونا چاہیے۔