پاکستان سپرلیگ تھری : ٹیموں میں کھلاڑیوں کی تبدلی کا عمل شروع
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن سے قبل ٹیموں نے اپنے اپنے سکواڈز کی ازسرنو تشکیل کا عمل شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اہم کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں چھٹی ٹیم ملتان سلطان کی شمولیت کے بعد بقیہ پانچ ٹیموں کو پانچ اکتوبر تک اپنے سکواڈ سے دس کھلاڑیوں کو لازمی ریلیز کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز نے کپتان برینڈن میکلم اور سنیل نارائن کو پی ایس ایل تھری کے لیے سکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم عمر اکمل کو ریلیز کردیا جائے گا۔دوسری جانب کوئٹہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے اور اسکواڈ سے احمد شہزاد، عمر گل اور انگلش بلے باز لیوک رائٹ کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی چیمپیئن پشاور زلمی کے اسکواڈ میں حسن علی، وہاب ریاض، محمد حفیظ، جنید خان اور محمد اصغر کو برقرار رکھا جائے گا البتہ ابھی تک اس بات کا حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ کن کھلاڑیوں کو ریلیز کیا جائے گا۔