کامونکے: موٹر ویز پولیس‘ جرمانہ وصول کرنیوالے عملہ کا ویگن ڈرائیور پر تشدد‘ عوام کا احتجاج، لاٹھی چارج
کامونکے (نامہ نگار) جی ٹی روڈ پر موٹرویز پولیس اور جرمانہ وصول کرنیوالے عملہ نے ویگن ڈرائیور پر شدید تشدد کیا جس پر لوگوں نے موٹر ویز پولیس کیخلاف جی ٹی روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ سہ پہر گوجرانوالہ سے آنے والی مسافر ویگن کو موٹر ویز پولیس نے ویمن ڈگری کالج کے نزدیک روک لیا اور جرمانہ وصول کرنیوالے عملہ کی گاڑی سے سادہ کپڑوں میں ملبوس تین افراد نے ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔ اس دوران موٹر ویز پولیس کی گاڑی وہاں کھڑی رہی اور ڈیوٹی افسران لوگوں کو دور ہٹاتے رہے‘ بدترین تشدد دیکھ کر شہری بھی مشعل ہوگئے اور انہوں نے موٹر ویز پولیس کیخلاف نعرہ بازی شروع کر دی اور گاڑی سڑک میں لگاکر ٹریفک بلاک کردی جس کے بعد موٹر ویز پولیس کی گاڑی وہاں سے چلی گئی اور سٹی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں پر لاٹھیاں برساکر ٹریفک بحال کرا دی اور احتجاج کرنے والے شخص سفیان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تھانہ میں لیجاکر حوالات میں بند کردیا۔ موٹر ویز پولیس نے کہا کہ ویگن کے ڈرائیور کو اشارے کے باوجود گاڑی نہ روکنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ڈرائیور انکے پاس نہیں۔ جرمانہ وصول کرنیوالے عملہ نے اسے اغوا کیا ہے۔