.سانحہ ماڈل ٹائون رپورٹ، لارجر بنچ آج مختلف درخواستوں کی سماعت کریگا
لاہور (این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کا لارجر بنچ آج سانحہ ماڈل ٹائون کی جوڈیشل انکوائری سے متعلق ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ لارجر بنچ کی سربراہی قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی کریں گے۔ یہ درخواستیں لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ کے سامنے زیر سماعت رہیں، تاہم بنچ کے رکن ججز کی ریٹائرمنٹ پر دو مرتبہ فل بنچ تحلیل ہوچکا ہے جس کے بعد تیسری مرتبہ بنچ تشکیل دیا گیا جوآج25 ستمبر کو سماعت کرے گا۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹائون کی انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کے ایک رکنی بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت بھی آج ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع اور جسٹس سید شہباز علی رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے متاثرین کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ فراہم نہ کرنے پر دائر توہین عدالت کی سماعت بھی آج ہو گی ۔ درخواست کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کریں گے ۔ درخواست گزاروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیر قانون، چیف سیکرٹری ، ہوم سیکرٹری کو فریق بناتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔