افغانستان میں امن سے پاکستان کی خوشحالی کے راستے نکلتے ہیں: پرویز خٹک
پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے واضح کیا ہے کہ افغانستان میں امن سے ہماری دائمی خوشحالی کے راستے نکلتے ہیں اسلئے دنیا پاکستان کی اس ضرورت بلکہ مجبوری کو کیوں نہیں سمجھتی کیونکہ افغانستان میں بدامنی کے ساتھ ہی نہ صرف پورے پاکستان کا امن متاثر ہوا بلکہ لاکھوں افغان مہاجرین کی وجہ سے ہماری صنعت و معیشت اور انفراسڑکچر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ ہم نے دنیا کو دہشت گردی سے بچانے کی کوششوں میں اپنا امن بھی دائو پر لگا دیا۔ اسلئے دہشت گردوں کے خلاف ہماری قوم ، فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کا نظر نہ آنا بھی انتہائی افسوسناک ہے۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں پاکستان میں نامزد وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر سے گفتگو کر رہے تھے۔ صوبائی محکموں منصوبہ بندی و ترقیات اور لوکل گونمنٹ کے انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام بھی موقع پر موجود تھے۔پاک فوج نے صرف تین سال میں قبائلی علاقوں کو دہشت گردوں سے کلیئر کر دیا مگر یہ بات بھی سمجھ سے بالاتر ہے کہ دنیا کی بہترین امریکی فوج خطیر وسائل کے باوجود افغانستان میں امن کے قیام میں ناکام کیوںہوئی۔ حیرت ہے کہ پوری دنیا افغانستان کو کنٹرول نہیںکر سکی بلکہ افغانستان اس کو کنٹرول کر رہا ہے۔ہم نے ہمیشہ افغان میں امن کی کوششوں میں تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے۔ مدارس میںدہشت گردی کے پنپنے کا تصور درست نہیں۔ غریب لوگوں کی ذہن سازی کر کے دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس مجموعی عمل کی فنڈنگ کی جاتی ہے جس کو روکنے کی ضرورت ہے۔ خیبر پی کے بدل چکا ہے۔ ماضی کے ناسازگار واقعات کے تناظر میں موجودہ خیبر پی کے کی تصویر کشی درست نہیں۔ عوام نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کیا اور صوبائی حکومت نے اس کرپٹ سسٹم کو تبدیل کیا صوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا صنعت ، توانائی، سیاحت ، معدنیات اور دیگر شعبوں میں سو سے زائد منصوبے صوبائی حکومت نے تیار کئے ہیں جن میں سے اہم منصوبوں پر چینی اور دیگر ممالک کی سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ہو چکے ہیں۔ سفیر کے استفسار پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے آخری سال میں لوگ برسراقتدار پارٹی سے دور بھاگتے ہیں جبکہ ہمارے آخری سال میں عوام اور منتخب نمائندے تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔ جرمن سفیر نے صوبائی حکومت کی اصلاحات اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مغربی ممالک میں خیبر پی کے کا سافٹ امیج اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔