• news

پنجاب کی تمام جیلوں میں سکیننگ مشینیں لگانے کا فیصلہ‘ تنصیب مرحلہ وار ہو گی

لاہور (میاں علی افضل سے) سنٹرل جیل راولپنڈی اور کیمپ جیل میں سکیننگ ڈیٹا مشینوں کے کامیاب تجربے کے بعد پنجاب کی تمام جیلوں میں سکیننگ مشینیں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے‘ 2 جیلوں میں سکیننگ ڈیٹا مشینوں کے ذریعے ملاقات کے لئے آنیوالے 7خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے جنہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیلوں میں کریمنل افراد کی انٹری روکنے کے لئے سکیننگ ڈیٹا مشینیں لگانے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ سکیننگ ڈیٹا مشینوں کی تنصیب مرحلہ وار کی جائے گی اور آئندہ سال میں اسے مکمل کر لیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پنجاب کی تمام جیلوں میں سکیننگ ڈیٹا مشینیں لگائی جائیں گی۔ سکیننگ ڈیٹا مشینیں لگنے سے جیل میں ملاقات کے لئے آنیوالے تمام افراد کا مشینوں پر انگوٹھا لگانا ضروری ہو گا‘ پولیس اور نادرا کی مدد سے پہلے ہی تمام کریمنل افراد کا مکمل ڈیٹا سکیننگ مشینوں میں موجود ہو گا۔ اس سسٹم کی تنصیب سے جیلوں میں اپنے ساتھیوں سے ملنے آنیوالے جرائم پیشہ افراد کا داخلہ بند ہو سکے گا اور جیلوں کی سکیورٹی بھی مزید بہتر ہو سکے گی‘ پہلے مرحلہ میں یہ سکیننگ مشینیں لاہور ریجن کی جیلوں میں لگائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں فیصل آباد اور ملتان ریجن کی جیلوں میں لگائی جائیں گی۔ تمام جیلوں میں سکیننگ ڈیٹا مشینوں کی تنصیب 1سال میں مکمل کرنے کا پلان کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن