جوہری معاہدہ ختم ایران کا مشکوک کردار بڑھ گیا:ٹرمپ
واشنگٹن+ماسکو (آن لائن+ اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے نئے بیلسٹک میزائل تجربے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میزائل تجربے کے بعد ایران اور عالمی طاقتوں میں معاہدہ ختم ہو چکا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی صدر نے اپنی تازہ ٹویٹ میں لکھا ہے ایران کا بیلسٹک میزائل تجربہ اس امرکا واضح ثبوت ہے کہ تہران اس معاہدے کی پابندی میں سنجیدہ نہیں جو 2015ء میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پایا تھا۔ نئے میزائل تجربے نے جوہری سمجھوتے کے حوالے سے ایران کے مشکوک کردار کو بھی بڑھا دیا ہے۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا شمالی کوریا اور ایران میزائلوں کی تیاری اور تجربات میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ ایران نے ایک ایسے میزائل کا تجربہ کیا ہے جو اسرائیل تک مار کر سکتا ہے۔۔امریکی صدر کی طرف سے ایران کے بیلسٹک میزائل کے تجربے کا رد عمل چند گھنٹے بعد آیا ہے۔ادھر روس نے تہران پر یکطرفہ پابندیوں کو بے فائدہ مشق قراردیدیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران کے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بھڑکانے کے مترادف قرار دیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سیخطاب میں کہا کہ ایران پر امریکا کی جانب سے مزید یکطرفہ پابندیاں عائد کی جارہی ہیں ،یہ اقدام کس طرح غلط ہوتا ہے، اس کا اندازہ امریکا کو 50 سال قبل کیوبا کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں سے ہونا چاہئے۔روسی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا امریکہ شمالی کوریا پر حملہ نہیں کریگا۔ اسے معلوم ہے پیانگ پانگ کے پاس جوہری بم ہیں‘ میں شمالی کوریا کا دفاع نہیں کر رہا۔