پٹرولیم قیمتوں پر سیلز ٹیکس وصولی کیخلاف درخواستیں مسترد، حکومتی معاملہ ہے مداخلت نہیں کرسکتے: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف دائر درخواستیںمسترد کر دیں، عدالت نے قرار دیا ہے کہ سیلز ٹیکس لگانا حکومت کا پالیسی معاملہ ہے اور پالیسی معاملات میں عدالت مداخلت نہیں کر سکتی۔ شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی واقعہ ہوئی۔ درخواستگزار نے اعتراض اٹھایا کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے سیلز ٹیکس میں دو فیصد اضافہ کردیا ۔ درخواست گزار نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ سیلز ٹیکس میں اضافے کی قومی اسمبلی اور کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی روکی جائے۔ عدالت نے سماعت کے بعد درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا گزشتہ روز عدالت نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔