• news

زرداری نوازشریف کی واپسی اور پیشی کو ڈرامہ سمجھتے ہیں: ذرائع

اسلام آباد (شفقت علی‘ نیشن رپورٹ) سابق صدر آصف علی زرداری کا ماننا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف ڈرامہ رچا رہے ہیں اور احتساب عدالت میں اپنی پیشیوں کو سیاسی بنانا چاہتے ہیں۔ سابق صدر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نوازشریف کی واپسی کو کوئی اہمیت نہیں دیتے۔ سابق صدر سمجھتے ہیں کہ نوازشریف مظلوم بن کر عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں جبکہ نوازشریف کو احتساب عدالت پیش ہونا ہی ہے سابق صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی کو ڈیل کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ہیں۔ نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ نوازشریف پیپلزپارٹی کے قائدین سے سیکھیں کہ عدلیہ کا احترام کیسے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم کیخلاف مقدمات زیرالتوا ہیں لہٰذا انہیں عدالتوں میں پیش ہونا ہی پڑے گا کیونکہ اگر وہ واپس نہ آتے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جاتا۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نوازشریف کی واپسی کا خیرمقدم کیا ہے او رکہا ہے کہ اب انہیں مقدمات کا سامنا کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن