• news

دواداروں نے اکثر پارلیمنٹ کے اختیارات میں مداخلت کی :چیئرمین سینٹ

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے پارلیمان کے دونوں ایوان اور صوبائی اسمبلیاں اپنا آئینی کردار ادا کریں تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔ ہم اپنے اختیارات اور دائرہ کار کو محدود کریں گے تو دیگر ادارے پارلیمان کی حدود میں جب چاہیں گے داخل ہونگے۔ انہوں نے یہ بات بلوچستان اسمبلی کی کمیٹیوں کے چیئرمینوں، ارکان اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پر مشتمل وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بلوچستان اسمبلی کی سپیکر راحیلہ حمید درانی کی قیادت میں ایوان بالا کا دورہ کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا اقتدار کی تکون میں پارلیمان سب سے کمزور ادارہ ہے اور اسکے دائر اختیار میں اکثر دیگر دو اداروں نے مداخلت کی ہے۔ ہاؤس آف فیڈریشن اور صوبائی اکائیوں کے مابین روابط کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفاد ہ کرنے کیلئے باقاعدہ نظام وضح کرنے کی ضرورت ہے جو نہ صرف ارکان پارلیمنٹ کی سطح پر ہو بلکہ سیکرٹریٹس بھی اس میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا پارلیمانی نظام کی روح کمیٹی سسٹم ہے۔بلوچستان اسمبلی کی سپیکر نے چیئرمین سینٹ کو بتایا ایوان بالا کی طرز پر بلوچستان اسمبلی میں بھی کونسل آف چیئرمین بنائی گئی ہے۔سپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ایوان بالا کی مشاورت سے موثر نظام وضح کیا جائیگا۔ چیئرمین سینٹ اور سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک نے بلوچستان اسمبلی کے ارکان کی ٹریننگ کیلئے ایوان بالا کی طرف سے بھر پور معاونت کی پیشکش کی۔ صباح نیوز کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی سرزمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے استعمال پر پاک سوئٹزرلینڈ پارلیمانی دوستی گروپ معطل کرنے کے بارے میں چیئرمین سینٹ کے فیصلے سے وزارت خارجہ کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا گیا تاکہ سوئٹزرلینڈ حکومت کو متذکرہ حساس معاملے پر سینٹ کی تشویش سے آگاہ کیا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن