• news

مشرف نے وردی کا غلط استعمال کیا افواج پاکستان کی ساکھ کونقصات پہنچایا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت میں ججز نظربندی کیس کی سماعت ہوئی۔ پرویز مشرف کیخلاف استغاثہ کے آخری گواہ کرنل (ر) انعام الرحیم نے بیان ریکارڈ کرا دیا۔ کرنل (ر) انعام الرحیم نے اپنے بیان میں کہا ایمرجنسی کے نفاذ اور ججز نظربندی کا فیصلہ پرویز مشرف کا ذاتی فیصلہ تھا۔ پرویز مشرف نے افواج پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ ججز نظربندی میں کور کمانڈرز کی مرضی شامل نہ تھی۔ 3 نومبر کی ایمرجنسی میں پرویز مشرف نے وردی کا غلط استعمال کیا۔این این آئی کے مطابق دوران سماعت پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے دلائل کے لئے وقت مانگ لیا جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ آن لائن کے مطابق پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے کہا انہوں نے عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے، پہلے اس پر فیصلہ کیا جائے۔ عدالت نے مقدمہ سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بحث کے لئے 5 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی۔

ای پیپر-دی نیشن