بارہمولہ میں بھارتی فوج کا آپریشن مزید 4 نوجوان شہید خاتون سمیت 3 زخمی
سرینگر‘ اسلام آباد+جنیوا (اے ایف پی+ نیوز ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کے ضلع بارہمولہ میں آپریشن میں 4نوجوان شہید‘ خاتون سکینہ سمیت 3زخمی ہوگئے۔فوجی چندرا بھان زخمی ہوا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تحقیقاتی ادارے کی طرف سے نئی دہلی میں کشمیری حریت رہنمائوں اور تاجروں کی طلبیوں کیخلاف کاروباری ادارے، بازار ،دکانیں بند اور ٹرانسپورٹ معطل رہی جبکہ تاجروں نے کئی مقامات پر بھارت کے خلاف مظاہرے بھی کیے۔ ہڑتال کے دوران ٹرین سروس بھی معطل رہی۔ ادھر اوڑی میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 3نوجوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔آن لائن کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں این آئی اے کی طرف سے نوٹسز کے اجرا اور کشمیریوں کی طلبیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ این آئی اے تحریک آزادی کشمیر کو بد نام کرنے کیلئے حریت رہنمائوں کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کر رہی ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لئے بھارت کی این آئی اے کے ذریعے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال بھی رائیگاں جائے گا ۔ محمد یاسین خان اور کشمیر یونیورسٹی کے سکالر احمد شاہ کو این آئی اے کی جانب سے طلب کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات واضح طور پر ان تنظیموں اور شخصیات پردبائو ڈالنے کی کوشش ہے جو تحریک آزادی کے حامی ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے پھر پاکستانی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ خطاب خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کا خطاب کشمیر کی امنگوں کے مطابق حق وصداقت پر مبنی تھا۔ پاکستان نے کشمیر تنازعہ کو ہمیشہ عالمی فورمزپر اٹھایا ہے اور اس سیاسی مسئلے کو بامعنیٰ مذاکراتی عمل کے ذریعے اور کشمیریوں کے احساسات اور خواہشات کے مطابق حل پر ہمیشہ زور دیا ، لیکن بھارت نے ہمیشہ اپنے فوجی تسلط کو برقرار رکھنے کے لیے ظلم کے ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے اور اس کے باوجود بھی آج تک کشمیریوں کی تحریک کو دبا نہیں سکتے۔رپورٹ کے مطابق دو روز میں کنٹرول لائن کے قریب بھارتی فوجیوں نے جعلی جھڑپوں میں 4 نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔ پولیس افسر نے الزام لگایا۔ اوڑی میں اتوار کو مارے گئے تینوں نوجوان پاکستانی لگتے تھے۔ فوجی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے دعویٰ کیا، 4 شہری اور ایک فوجی زخمی ہوا ہے۔سوپور میں دستی بم حملے میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 4اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔سوئٹزر لینڈ کے دارالحکومت جنیوا میں اقوام متحدہ ا نسانی حقوق اجلاس کے موقع پر تری پورہ، ناگا لینڈ، منی پور اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں بینرز لگ گئے۔ آزادی کی تحریکوں والے بینرز میٹرو بسوں اور ٹرامز پر لگائے گئے ہیں۔ بینرز پر درج ہے کہ ناگالینڈ کو آزاد کرو اور مقبوضہ کشمیر توجہ چاہتا ہے۔