بہاولنگر: پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی 17 سالہ بہن کو پنچائیت نے ونی کردیا
بہاولنگر(نمائندہ نوائے وقت) نواحی گائو ں میں پنچائیت نے 17سالہ لڑکی ونی کر دی، پنچائیت کے حکم پر پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی بہن کو اسلحہ کے زور پر اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ چک نور محمد بھنگراں کے اللہ رکھا نے بتایا کہ میرے بیٹے محمد فیاض نے پسند کی شادی پروین بی بی سے کی تھی، فیاض کی شادی پر گائوں کے وڈیرے نے اپنے ڈیرہ پر پنچائیت لگالی۔ جہاں بااثر وڈیرے نے فیصلہ کے بعد محمد اقبال، بارش، ظہور احمد، حاکم علی وغیرہ مسلح افراد نے میری بیٹی 17سالہ تسلیم بی بی کو گھر سے اٹھا لیا، اس سے زیادتی بھی کی۔ وڈیرے نے تسلیم بی بی کو اس کے بھائی کے پسند کی شادی پر خدا یار کے ساتھ زبردستی نکاح پڑھاتے ونی کردیا۔ پنچائیت نے حکم سنایا کہ فیصلہ کی خلاف ورزی کرنے والا فریق 50لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے گا۔ میری بیٹی اور میرا خاندان پنچائیت اور ملزمان کے خوف سے ضلع بدر ہوگیا اور اب ہم پاکپتن رہائش پذیر ہیں۔ میڈیا پر خبر نشر ہونے پر ڈی پی او بہاولنگر نے ایکشن لے لیا اور ملزمان کو گرفتا کر لیا گیا لیکن بااثر وڈیرے کی گرفتاری ابھی نہیں ہوئی۔ پولیس وڈیرے زمیندار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔