کشمیر میں بھارتی مظالم کا ثبوت: دفتر خارجہ نے پیلٹ گن کے متاثرین کی ویڈیوز جاری کر دیں
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کا شکار اور خصوصاً پیلٹ گن کے متاثرین کی تصاویر، ویڈیوز کا ایک مجموعہ جاری کیا ہے جو دنیا کو باور کرانے کی کوشش ہے کہ بھارتی جبر کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے نوجوان، بچے اور عورتیں اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا کہ جولائی 2016ء سے اب تک بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 170 کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ دو ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں اور پیلٹ گن سے آٹھ ہزار افراد شدید متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 80 اپنی بینائی سے مکمل طور پر محروم ہو چکے ہیں۔ اس تعارف میںکہا گیا ہے کہ پیلٹ گن کے متاثرین کے دکھ اور جذبات، ویڈیوز میں با آسانی سے دیکھے جا سکتے ہیں۔