کشمیری بڑی بہادری، ثابت قدمی سے بھارتی جارحیت کامقابلہ کر رہے ہیں: برجیس طاہر
اسلام آباد (این این آئی) صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان نے بحیثیت وائس چیئرمین جموں و کشمیر کونسل کے بجٹ اجلاس برائے مالی سال 2017-18ءکی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کونسل مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بغور مانیٹر کرتی رہے گی ۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام کا استحصال روز بروز بڑھتا جا رہا ہے ۔ صدر مسعود خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اور وہ بھارت کی غلامی سے آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔ جموں و کشمیر کونسل اجلاس میں وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کونسل کا بجٹ برائے مالی سال 2017-18 پیش کیا۔ بجٹ تقریر میں وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دانستہ کشمیریوں کی نسل کشی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ لیکن کشمیری اپنے نا قابل تسیخ حق خود ارادیت سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے ۔ آزاد جموں و کشمیر کے کونسل اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کے شہداءاور کنٹرول لائن پر بھارت کی بلا اشتعال گولہ باری سے شہید ہونے والے فوجی جوانوں اور شہریوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گی ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر، وفاقی وزیر دفاع خر م دستگیر خان ،سینٹر یعقوب ناصر ، وزیراعظم آزادکشمیرکے نمائندہ ڈاکٹر نجیب نقی، اے جے کے کونسل کے منتخب ممبران ، عبدالخالق وصی، اختر پرویز، پرویز اختر اعوان، صدیق چوہدری، مختار عباسی،محمد یونس میر، وفاقی سیکرٹری اُمور کشمیر پیر بخش جمالی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر ڈاکٹر اعجاز منیراورجوائنٹ سیکرٹری آزادکشمیر کونسل شیر عالم محسود کے علاوہ اے جے کے کونسل اور آزادحکومت کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیروگلگت بلتستان نے 19123 ملین روپے سے زائد کا آزادجموں وکشمیر کونسل کابجٹ برائے مالیاتی سال 2017/18ءایوان میں پیش کیا۔ علاوہ ازیں صدر آزادجموںوکشمیرسردار مسعودخان نے آزادکشمیر کے سینئروزیرچوہدری طارق فاروق اوروزیرخزانہ منصوبہ بندی، ترقیات اور صحت ڈاکٹر نجیب نقی کی ملاقات، آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، تعمیروترقی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور صدر ریاست کے حالیہ دورہ امریکہ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر اسلامی کانفرنس تنظیم کے کشمیر رابطہ گروپ اور او آئی سی وزراءخارجہ سالانہ اجلاس میں شرکت اور سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔