ایران: رفسنجانی خاندان کے 5افراد کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد
لندن(آن لائن)ایران کے سابق صدر علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کی صاحبزادی فائزہ رفسنجانی نے کہا ہے کہ حکومت نے ان کے خاندان کے پانچ افراد کا نام ’ای سی ایل‘ میں ڈال کر ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔اخبار ’شہروند‘ سے گفتگو کرتے ہوئے فائزہ رفسنجانی نے کہا کہ ممکن ہے حکام کو یہ شبہ ہو کہ ہمارے خاندان کے پاس ایرانی رجیم کے خلاف کوئی اہم دستاویز ہو جسے ہم بیرون ملک جا کر افشا کرنا چاہتے ہوں۔ ایسا کوئی بھی گمان غلط ہوگا کیونکہ ان کے خاندان کے تمام افراد محب وطن ہیں اور ملک کے خلاف ایسا کوئی اقدام نہیں کرسکتے۔خیال رہے کہ فائزہ رفسنجانی کے والد مرحوم علی اکبر ہاشمی رفسنجانی ایک منجھے ہوئے سیاسی رہنما اور معتدل لیڈر تھے۔ ان کی بیٹی فائزہ ہاشمی رفسنجانی ایک متحرک سماجی کارکن ہیں اوران کی سرگرمیوں سے ریاست کو ہمیشہ شکایتیں رہتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دو ماہ قبل ایرانی حکام نے ان کے خاندان کے چار دیگر افراد کو بھی بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا، تاہم ان پابندیوں کی وجوہات بیان نہیں کی گئی ہیں۔