ٹریفک وارڈنز کی ذمہ داری
مکرمی! ٹریفک وارڈنز کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ شہر میں موجود ٹریفک کے نظام کو بحال رکھے۔ مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ آج کل ٹریفک وارڈنز اپنی ذمہ داری چھوڑ کر ایک کونے میں کھڑے ہو کر سگریٹ پینے اور گپیں ہانکنے کو زیادہ فوقیت دیتے ہیں۔ گزشتہ روز صبح کے وقت ایم اے او کالج روڈ پر سگنل کام نہ کرنے کی صورت میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت سڑکوں سے گزر رہے تھے۔ جس وقت ٹریفک بلاک ہونا شروع ہوئی تو لوگوں نے وہاں ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس کے اہلکار کو اس کی ڈیوٹی یاد کروانے کی کوشش کی مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ ٹریفک وارڈن نے سب کی بات ان سنی کرکے ایک کونے میں کھڑے ہوکر سگریٹ پینے اور موبائل کو استعمال کرنا ضروری سمجھا۔ حکام بالا سے اپیل ہے کہ اس شعبہ میں صرف تعلیم یافتہ نوجوان بھرتی کر کے یہ ہرگز نہ سمجھا جائے کہ ہمارا فرض پورا ہوگیا بلکہ بھرتی ہونے والے نوجوانوں کی تربیت اس طرح کی جائے کہ وہ اپنے فرائض بھرپور طریقہ سے انجام دیں۔(عائشہ نوید - لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی)