نواز شریف نے عدلیہ کی توہین کی : تحریک انصاف ‘مزید دھوکا نہیں کھائیں گے : پیپلز پارٹی
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے نااہل وزیراعظم نوازشریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پاپا تو واپس آئے خوشی ہے لیکن اب پیسے بھی واپس آنے چاہئیں، وہ سیاست بچانے آئے ہیں، جس طرح نوازشریف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا مذاق اڑایا اس کی مثال نہیں ملتی، نوازشریف بتائیں ان کی ججز سے کیا ذاتی دشمنی ہے، نااہل نوازشریف کی پریس کانفرنس میں اعلیٰ عدلیہ کی توہین کی گئی، انہوں نے سپریم کورٹ کو نشانہ بنایا جس کا سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے، فواد چوہدری نے کہاکہ پروٹوکول کے ساتھ عدالت میںحاضری دینے سے انقلاب نہیں آتے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ ملزم کو پروٹوکول دینے کے لیے 45 سرکاری گاڑیاں لائن میں لگیں، نہ جانے چوہدری نثار لیلیٰ ہیں یا نوازشریف مجنوں ہیں، ملزم نوازشریف کی ساڑھے پانچ منٹ کی پیشی پر عوام کا لاکھوں روپے خرچہ آیا۔ تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔ نعیم الحق نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف مقدمات کے لیے 6 ماہ بہت زیادہ ہیں، نیب جلد از جلد تحقیقات مکمل کرے جب کہ نواز شریف اور ان کے ساتھیوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ایک نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے اپنا مینڈیٹ کھو دیا ہے، خیبر پی کے ہی نہیں پورے ملک میں عام انتخابات ہونے چاہئیں، قومی اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈر ہمارا حق ہے، اس کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کہتے پھرتے ہیں مجھے کیوں نکالا اس کا جواب ہے آپ نے منی ٹریل نہیں دی اس لئے آپ کو نکالا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پریس کانفرنس چور مچائے شور سے زیادہ کچھ نہیں، عدلیہ کو بریف کیس کے ذریعے تقسیم کرنے والا عدلیہ پر دوبارہ حملہ آور ہو رہا ہے،نیب زدہ مجرم کے ساتھ موجود پارلیمنٹرینز گاڈ فادر کی کٹھ پتلیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری، پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو، شوکت بسرا اور مصطفی نواز کھوکھر نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف بڑا دلچسپ کھیل کھیل رہے ہیں، نواز شریف ہوا میں مکے چلا کر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ مجھے مارا جا رہا ہے۔ چودھری منظورنے کہا ہے کہ نواز شریف جمہوریت کے نام پر قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ نواز شریف نے خود ہر بار عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا۔ دھاندلی سے اقتدار میں آکر بادشاہت قائم کرنے والا آج عوام کے حق حکمرانی کی بات کر رہا ہے۔ مصطفی نواز کھوکھرنے کہا ہے کہ نواز شریف نے پریس کانفرنس کے نام پرتقریر کی اور چل دئیے۔ نااہل وزیراعظم سچے ہیں تو سوالوں کا سامنا کیوں نہیں کر رہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اب پاکستان کے خلاف باتیں کرنے لگے ہیں ان میں اور قائد متحدہ میں کوئی فرق نہیں۔ 1985سے آج تک یہ ووٹ کے تقدس کو پامال کر کے اقتدار میں آتے رہے۔