• news

.افغانستان میں ترقیاتی تعاون بڑھائیں گے بھارت :فوج بھجوانے سے انکار

نئی دہلی (آئی این پی+ صباح نیوز) بھارت اور امریکہ نے پاکستان سے دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا جبکہ دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے اور دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے کہا ہے ٹرمپ انتظامیہ دنیا میں کہیں بھی دہشتگردی کی محفوظ پناہ گاہوں کو برداشت نہیں کرے گی اس سلسلے میں بھارت کے ساتھ مل کر کام کریں گے جبکہ بھارتی وزیر دفاع نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک اور ممبئی میں ہونے والے حملوں کے ذمہ دار پاکستان میں ہیں ایسے ممالک جو دہشتگردی کو حکومتی پالیسی کے طور پر استعمال کرتے ہیں انہیں دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنا چاہئے، بھارت جنگ سے متاثرہ ملک کو مستحکم کرنے کیلئے افغانستان میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بڑھائے گا تاہم افغانستان کی سرزمین پر اپنے فوجی نہیں بھیجے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے اپنے دورہ بھارت کے دوران یقین دہانی کرائی ہے ٹرمپ انتظامیہ دنیا میں کہیں بھی دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے اپنے دورہ بھارت کے دوسرے روز بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نرملا نے امریکی ہم منصب کو بتایا جب بھی وہ پاکستان کا دورہ کریں تو انہیں دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر بات کرنی چاہئے۔ دونوں نے دہشتگردی کی روک تھام کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہم اس سلسلے میں بھارت کے ساتھ مل کرکام کریں گے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی دونوں ممالک کو متاثر کرنے والا ایک مشترکہ مسئلہ ہے دونوں ممالک اس خطرے کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہم بھارت کے ساتھ دفاعی شعبے سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کریں گے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا بھارت اور امریکہ نے دفاعی شعبہ میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے کہ اس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان فوجی مشقوں میں اضافہ کیا جائے گا اور دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کو بھی تیز کیا جائیگا۔ دونوں رہنمائوں نے جنوبی چین کے سمندر میں نیویگیشن کی آزادی پر سخت زور دیا۔ مشترکہ بیان کے مطابق دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال،دہشتگردی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امن واستحکام اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ ترجیحات کے سلسلے علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ملاقات کے دوران نریندر مودی نے بھارت اور امریکہ کے درمیان باہمی تشویش کے علاقائی اور عالمی معاملات پر قریبی تعاون کی تعریف کی ۔ بھارتی وزیراعظم نے رواں سال جون میں اپنے دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وسیع پیمانے پر ہونے والی مفید بحث کا بھی ذکر کیا۔امریکی وزیر دفاع نے بھارتی وزیراعظم کو اس دورے کے دوران دوطرفہ ایجنڈا پر پیش رفت اور فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن