• news

5 جی نیٹ ورک اور چینی کمپنی کیلئے سینڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ میں 5 سالہ توسیع کی منظوری

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وفاقی کابینہ کو بتایا گیا رواں سال نومبر تک لوڈشیڈنگ میں ناقابل یقین حد تک کمی ہوجائے گی۔ سیکرٹری توانائی نے بجلی کی طلب اور رسد پر کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2013ء سے جون2017ء تک 6107 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوئی ہے۔ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نظام میں بہتری سے متعلق بھی بتایا گیا۔ وفاقی کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی اور وزیراعظم کے جرأتمندانہ مؤقف کو سراہا جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستان باہمی احترام ، مساوات اور شراکت داری پر مبنی علاقائی اور بین الاقومی طاقتوں کے ساتھ مسلسل تعاون چاہتا ہے۔ بین الاقومی برادری پاکستان کی علاقائی امن اور استحکام کیلئے بڑی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کرے اور انہیں تسلیم کرے۔ کابینہ کو ای سی سی کے 29اگست کے فیصلوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اٹھانے اور بھارتی رویئے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ترکی، ایران اور اردن کے صدور سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات بتائیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی نائب صدر سے ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان باہمی احترام، مساوات اور شراکت داری پر مبنی علاقائی اور بین الاقومی طاقتوں کے ساتھ مسلسل تعاون چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقومی برادری پاکستان کی علاقائی امن اور استحکام کیلئے بڑی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کرے اور انہیں تسلیم کرے۔کابینہ نے چینی کمپنی کیلئے سینڈک کاپر گولڈ پراجیکٹ کی لیز کنٹریکٹ میں پانچ سال توسیع کی منظوری بھی دیدی۔ موجودہ لیز معاہدے کی مدت 31 اکتوبر 2017 ء کو ختم ہو رہی تھی۔کابینہ نے پی ٹی اے (ری آرگنائزیشن)کے ایکٹ1996ء کے سیکشن 8کے تحت فائیو جی ٹیکنالوجی کے حوالے سے پی ٹی اے کو نیا پالیسی حکم نامہ جاری کرنے کی منظوری بھی دی تاکہ5جی ٹیکنالوجی کی مارکیٹ جانچ کو قابل استعمال بنایا اور اس بات کو یقین بنایا جاسکے کہ نئی ٹیکنالوجی مارکیٹ سے تیار ہے ۔کابینہ نے رضوان میر کو یونیورسل سروس فنڈ کا چیف ایگزیکٹو افسر تعینات کرنے، ایئر کموڈور شمس الحق کو ایئرو ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ کا ممبر کمرشل مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے ایئر کموڈور عامر حبیب اللہ مکین کو ممبر ٹیکنیکل مقرر کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجہ پرویز اختر کو راولپنڈی خصوصی عدالت کا جج تعینات کرنے کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رائے نذیر احمد کو لاہور بنکنگ کورٹ 2کا جج تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے جسمانی طور پر معذور خصوصی افراد سے متعلق بھی ایک تجویز کی منظوری دی۔ تجویز کے مطابق یہ خصوصی افراد بھی تمام گروپس/ سروسز کے مقابلے کے امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ نوائے وقت کے مطابق وفاقی کابینہ نے13 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ کے ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے روابط کی خبر کا نوٹس لے لیا۔ وفاقی کابینہ نے کہا ایک نجی چینل کی جانب سے بے بنیاد خبر چلا کر زیادتی کی گئی۔ آئی بی نے بھی اس خبر سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ ایسے ارکان پارلیمنٹ پر الزام لگایا گیا جو خود دہشت گردی کا شکار ہوئے۔ پیمرا غلط خبر چلانے پر سخت ترین نوٹس لے اور ایکشن کرے۔مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر پاکستانی موقف دنیا کے سامنے پیش کر دیا۔ افغانستان سمیت خطے میں امن کی پاکستانی پالیسی جامع اور موثر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن