تحریک انصاف متحدہ میں قومی اسمبلی کا نیااپوزیشن لیڈر لانے پر اتفاق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈر لانے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا نام تجویز کیا جائے گا۔ ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی رہنمائوں نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا پی ٹی آئی وفد سے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات ہوئی۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان نے قومی ایشوز پر ر ابطہ رکھا۔ ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی کی قراردادوں کی حمایت کی۔ بعض دفعہ پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم پاکستان کی قراردادوں کی حمایت کی۔ قومی اسمبلی اور سینٹ میں ہم تیسری بڑی جماعت ہیں۔ پیپلز پارٹی نے مجبور ہو کر پانامہ کیس پر مؤقف اختیار کیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پیپلز پارٹی کا ہے۔ پیپیلز پارٹی کا فرینڈلی اپوزیشن کا کردار رہا۔ پیپلز پارٹی نے مسائل پر کبھی بات نہیں کی۔ عوامی مسائل پر سمجھوتہ کیا گیا۔ پیپلز پارٹی نے صوبائی وسائل سے کچھ دیا، نہ وفاقی وسائل سے پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ایم کیو ایم پاکستان سے کئی امور پر تبادلۂ خیال ہوا۔ موثر بلدیاتی نظام کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ جب تک موثر بلدیاتی نظام نہ ہو معاملات بہتر نہیں ہو سکتے۔ جب تک میئر کے پاس اختیارات وسائل نہ ہوں تو اس کا فائدہ کیا ہے۔ کسی کی ذات سے اختلاف نہیں۔ خورشید شاہ سے احترام کا رشتہ ہے، خدشہ ہے نیا مک مکا نہ ہو جائے اور ہم اس کی نذر نہ ہو جائیں۔ لوگوں کو ووٹ دینے کے بعد سہولیات نہ ملیں تو یہ ناانصافی ہے۔ کسی سیاسی جماعت نے 1970ء کے بعد سے انتخابی نتائج کو دل سے تسلیم نہیں کیا۔ موجودہ چیئرمین نیب کو کس نے تعینات کیا سب جانتے ہیں۔ چودھری شجاعت سے بھی بات ہوئی ان کے پاس بھی جائوں گا۔ سراج الحق سے بھی بات ہوئی ان سے بھی قربت ہے۔ ہم ذاتی ایجنڈا نہیں لائے، لارجر کینوس پر بات کر رہے ہیں۔ مزید براں این این آئی کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے (ق) لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان بات چیت میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی سے متعلق امور جبکہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کی قیادت کے مابین طے شدہ ملاقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے دونوں جماعتوں کی قیادت کے مابین جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔ کراچی سے خصوصی رپورٹر کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کے درمیان برف پگھل گئی۔ ماضی میں اختلاف رکھنے والے آج دوست بن گئے۔ متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی تبدیلی کیلئے تحریک عدم اعتماد لانے اور مستقبل میں ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کیلئے دیگر پارلیمانی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق منگل کو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور پی ٹی آئی کے مرکزی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے درمیان متحدہ مرکز بہادرآباد میں ملاقات میں کیا گیا۔ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت اور ایم کیو ایم پاکستان کے فاروق ستار میں ٹیلی فون پر رابطہ ہوا دونوں رہنمائوں نے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی اور سیاسی صورتحال پر بات کی۔