پاکستان کی ہاکی لیگ کے آئندہ سال اپریل میں انعقاد کا اعلان
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ سال ملک کے مختلف شہروں میں ہاکی لیگ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جہاں ہر ٹیم میں تین سے چار غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر نے بتایا کہ ہاکی لیگ آئندہ سال 24 اپریل سے کراچی، لاہور، گوجرہ اور فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔ لیگ میں آسٹریلیا، ارجنٹائن اور دیگر ممالک کے نامور غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔لیگ پی ایچ ایف کو مالی سپورٹ کی فراہمی کےساتھ ساتھ قومی کھیل کے کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ بحال کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔ایشیا کپ11 اکتوبر سے بنگلہ دیش میں کھیلا جائےگا۔توقع ہے قومی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرےگی۔ آئندہ سال قومی ٹیم آسٹریلیا اور یورپ کے دورے پر بھی جائےگی اور بھارت میں ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرےگی۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر نریندر بترا کےساتھ دبئی میں ملاقات میں طے پایا کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کےساتھ ساتھ ویزا کے عمل کو بھی آسان بنایا جائےگا۔