• news

سوات: ڈینگی سے 14 متاثر‘ بچے سمیت 3 جاں بحق غازی آباد: سپرے کرنیوالی ٹیم پر تشدد، 2 گرفتار پشاور میں ایک اور مریض چل بسا

سوات+لاہور (نامہ نگاران+این این آئی)سوات کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر ڈینگی سے ایک بچے سمیت 3افراد جاں بحق اور 14 متاثر ہو ئے ہیں جبکہ انتظامیہ اور محکمہ صحت نے ڈینگی وائرس کی تصدیق سے انکار کر دیا ہے، منگلور اور تحصیل کبل کے علاقوں میں تین افراد جاں بحق ہونے کی اطلاع پر لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، صوبائی دارالحکومت پشاور اور مردان میں ڈینگی وائرس سے کئی افراد کی ہلاکتوں کے بعد اب سوات میں بھی ڈینگی وائرس سے متعدد افراد کے متاثرہ ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ دوسری طرف غازی آباد کے علاقے میں دو نوجوانوں نے ڈینگی سپرے کرنے والی ٹیم کے دو اہلکاروں کو کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دےا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غازی آباد عزیز بھٹی ٹاﺅن یونین کونسل 57 المدینہ کالونی مےں ڈینگی سرویلینس ٹیم ڈینگی کے خاتمے کے لیے سپرے کر رہی تھی اس دوران گلی نمبر 1 کے رہائشی محمد آصف اور محمد کاشف نے پہلے ڈینگی سرویلینس کی خواتین ملازمین (فرزانہ اور فہمیدہ) کے ساتھ فحش گفتگو اور چھیڑ چھاڑ شروع کر دی جس پر مرد ملازمین نے منع کیا تو دونوں افراد نے ان کو تشدد کا نشانے بنانے کے بعد اینٹیں مار کر سر پھاڑ دئےے جس کے نتیجے میں حافظ رحمان اور نوید شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور محمد آصف اور محمد کاشف نامی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں ڈینگی وائرس سے متاثر ایک اور مریض چل بسا جس کے بعد صوبے میں ڈینگی سے انتقال کرنے والوں کی تعداد34ہو گئی ہے۔ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق انتقال کرجانے والے 14 سالہ مزمل کو 20 ستمبر کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 1148 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 195افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 276 افراد زیرعلاج ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن