• news

دہشت گردی‘ سائبر کرائم روکنے کیلئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں: احسن اقبال

بیجنگ (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کےلئے تعاون کا عزم کئے ہوئے ہے، دہشت گردی، سائبر کرائم، منشیات کی تجارت اور انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کےلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان نے گزشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، امن و سلامتی کے مابین باہمی ربط چین سے بہتر کوئی ملک نہیں سمجھ سکتا، چینی قیادت کی بصیرت نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کےلئے اہم کردار ادا کیا ہے، امن، استحکام اور سکیورٹی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر عالمی نیٹ ورکس قائم کر رہے ہیں جس سے نمٹنے کےلئے جرائم سے لڑنے والی تنظیموں کے مابین تعاون اور مضبوط عالمی نیٹ ورک کی ضرورت ہے۔وزیر داخلہ نے یہ بات انٹرپول جنرل اسمبلی کے 86 ویں اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے جنرل اسمبلی کا افتتاح کیا جس میں 100 سے زائد ممالک کے 40 کے قریب وزراءنے شرکت کی۔ انٹرپول جنرل اسمبلی 29 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس میں عالمی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور منظم جرائم سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن