سفارتخانوں میں کمرشل اتاشی تجارت کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں: قائمہ کمیٹی سینٹ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹ قائمہ کمیٹی کامرس اینڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے چیئرمین سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ ایک دفعہ پھر تجارت کے اعداد و شمار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی اعداد و شمارکے تضادات کو دور کرنے کے لئے پی بی اےس، کامرس کو ایک ساتھ بیٹھ کر پالیسی بنانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کےلئے کوئی وژن نہیں۔ دنیا بدل رہی ہے۔ پاکستان کیوں نہیں بدل رہا۔ ہمیں کلی طور پر دیکھنا ہوگا کہ ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن کے مستقبل میں بہتر اثرات مرتب ہوں۔ سفارتخانوں میں کمرشل اتاشی تجارت کے فروغ کے لئے کردار ادا کریں اور سفارتخانوں میں ایسے افسران اور ذمہ داران بجھوائے جائیں جو اس شعبے میں تجربہ کار اور ماہر ہوں۔ جنیوا میں تعینات توقیر شاہ کا تجارت کا کیا تجربہ ہے۔ ماڈل ٹاو¿ن واقع کے ملزم کو جنیوا میں تعینات کیا گیا ہے۔ قومی خزانے کا پیسہ خرچ کیا جارہاہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ماڈل ٹاو¿ن واقع کے تمام ملزمان ملک سے باہر تعینات ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ آئی پی او کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے بھرپور توجہ دی جائے‘ انتہائی اہم ادارہ ہے۔ لکھاری دربدر ہیں‘ اجازت کے بغیر اشاعت ممنوع ہے۔ خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے ۔ صنعتی ڈیزائن ، ٹریڈ مارک ، رجسٹریشن کے بارے میں آگاہی کے علاوہ نظام کو بھی آسان بنایا جائے۔معاملات کو جلد حل کرنے کا طریقہ کار وضع کیا جائے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان بزنس کونسل سے مشاورت کی جائے۔ قانون دان بھی ادارہ حقوق دانش کے بارے میں سوالات اٹھا رہے ہیں۔ ایک وقت میں دوناموں سے اشاعت پر اعتراض ہے۔ پیٹنٹ لائرز کو اجلاس میں بلوایا جائے۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے نکالے گئے ملازمین کی بحالی کے بارے میں چیئرمین سینٹ کی طرف سے کمیٹی کو بجھوائی گئے معاملے پر حکام نے بتایا کہ ان ملازمین کا معاملہ 2010 ءکے ایکٹ کے تحت نہیں آتا۔ کمیٹی نے چیئرمین سینٹ کو جواب دینے کے لیے جامع رپورٹ طلب کرلی۔ سیکرٹری وزارت نے بتایا کہ درست اعداد وشمار کے لیے طریقہ کار وضع کرلیا گیا ہے۔ ہر ماہ بیرون ملک ٹریڈ مشنز سے وڈیو لنک سے ذریعے رابطہ ہوتا ہے۔ کارکردگی بہتر نہ ہونے پر افسران کو واپس بلانے کی حکمت عملی بنالی گئی ہے۔ کچھ افسران کی ناقص کارکردگی کی رپورٹ حکومت کو بجھوا دی ہے۔ اجلاس میں سینیٹرز سلیم مانڈوی والا، عثمان کاکڑ، مفتی عبدالستار اورسیکرٹری وزارت یونس ڈھاگہ کے علاوہ اعلیٰ حکا م نے شرکت کی۔