• news

دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشتر کہ جدوجہد کی ضرورت ہے: ایاز صادق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں کو فروغ د ینے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی رواں سال دسمبر میں ایک کانفرنس منعقدکروا رہی ہے جس میں چین، روس، ترکی، ایران اور افغانستان کے سپیکر شرکت کر یں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی سپیکر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کی سربراہی میں صوبائی اسمبلی کے ممبران سے ملاقات کرنے والے و فد سے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور یہ وقت اس ناسور کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کا موزوں وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھی دہشت گردی کا شکار ہے اور ہم اپنے دشمنوں جو ہمارے امن و خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں کو شناخت کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہم اس برائی پر مکمل قابو پالیں گے۔ راحیلہ حمید خان درانی نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک کے قانون ساز اداروں کے مابین قریبی تعاون کی تجویز سے اتفاق کیا۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے بلوچستان کی ترقی اور امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے PIPSمیں جمہوری اداروں کے ممبران اور عملے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے شروع کئے جانے والے تربیتی پروگراموں کی بھی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام بہتر قانون سازی اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوںگے۔

ای پیپر-دی نیشن