• news

ڈینگی سے مزید 2 افراد جاں بحق: خیبر پی کے حکومت کے اقدامات غیر تسلی بخش ہیں: پشاور ہائیکورٹ

پشاور (بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ میں ڈینگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈینگی سے متعلق خیبر پی کے حکومت کے اقدامات کو ناکافی قرار دیدیا۔ نجی ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی زیادہ فیس وصول کرنے پر عدالت برہم ہو گئی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نجی ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کا ریٹ مقرر کریں۔ ڈی جی ہیلتھ نے عدالت کو بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں جان بوجھ کر مشینری خراب کر دی جاتی ہے۔ نجی ہسپتال عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ڈینگی بخار سے پشاور میں مزید 2 افراد انتقال کر گئے۔ دونوں مریض خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق گذشتہ روز 1602 افراد کے ٹیسٹ ہوئے، 330 میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔پشاور سے بیورو آفس کے مطابق عدالت کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے انتظامات غیر تسلی بخش ہیں۔ چیئرمین ہیلتھ کمشن کو 5 اکتوبر کو عدالت پیش ہونے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن