حافظ سعید بوجھ نہیں خواجہ آصف جیسے لوگ بھارتی زبان بول رہے ہیں: عبدالرحمٰن مکی
لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی طرف سے امریکہ میں حافظ محمد سعید سے متعلق دیئے گئے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت و امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا اور کہا ہے کہ پاکستان کیلئے بوجھ حافظ محمد سعید نہیں خواجہ آصف جیسے لوگ ہیں جن کی بھارت نوازی اور غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے وطن عزیز پاکستان کا وقار پوری دنیا میں مجروح ہو رہا ہے۔ امریکہ میں بیٹھ کر بھارتی زبان بولنے والے خواجہ آصف ملک کیلئے سکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف کی جانب سے حافظ محمد سعید کے وائٹ ہائوس میں دعوتیں اڑانے کی بے بنیاد الزام تراشیوں پر ان کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ خواجہ آصف کو بھارتی خوشنودی کیلئے لگائے گئے اس قسم کے بے ہودہ الزامات پر پاکستانی قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ پاکستان کے گلے کا ہار بننے والے نااہل وزیر کو فی الفور اس منصب سے برطرف کیا جائے۔ وائٹ ہائوس میں دعوتیں اڑانے کی الزام تراشیوں سے ان کی جان اب آسانی سے نہیں چھوٹے گی۔ جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ پاکستان کے نہیں بلکہ بھارت کے وزیر خارجہ ہیں، بھارت کی خوشنودی کے لیے وزیر خارجہ خواجہ آصف پاکستان کی سالمیت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ، حافظ سعید نے زندگی بھر امریکہ کا سفر نہیں کیا ، وائٹ ہائوس میں دعوتیں اڑانے کا بیان دے کر خواجہ آصف نے قوم کے ساتھ بددیانتی کی ہے۔ شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کو قوم سے اس جھوٹے الزام پر فوری معافی مانگنی چاہیے۔