• news

شہباز شریف سے ملاقات خورشید شاہ نے حقیقی اپوزیشن لیڈر کا کردار کیا ہٹا نا درست نہیں :نواز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) وزیراعلیٰ شہباز شریف لندن سے لاہور واپس پہنچ گئے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ان سے ماڈل ٹائون میں ملاقات کی۔ دونوں بھائیوں نے کھانا بھی ساتھ ہی کھایا۔ نواز شریف جاتی عمرہ رائے ونڈ سے ماڈل ٹائون پہنچے جہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘ سینیٹر پرویز رشید‘ سینیٹر آصف کرمانی‘ رانا مقبول و دیگر نے ان سے ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں میاں نوازشریف سے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال‘ نیب ریفرنسز سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے لئے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے درمیان جاری مذاکرات کا بھی تذکرہ ہوا اور انتخابی اصلاحات کا بل بھی زیرغور آیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی سچے دل سے خدمت کر رہی ہے اور 2018ء میں عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گی اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ نوائے وقت نیوز اور آئی این پی کے مطابق نوازشریف نے کہا کہ عدالتوں میں قانونی جنگ لڑتے رہیں گے خود کو بے گناہ ثابت کرینگے‘ عوام کے ووٹ کا تقدس بحال کرائیں گے۔ خورشید شاہ نے ہمیشہ حقیقی اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے بطور قائد حزب اختلاف کلیدی کردار ادا کیا۔ خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹانے کا اقدام درست نہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کی شہبازشریف سے ملاقات میں عدالتوں میں زیرسماعت مقدمات پر بھی گفتگو ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن