چینی کمپنی کے وفد کی ملاقات پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں سہولتیں دینگے :شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ چینی وفد نے پنجاب میں انفراسٹرکچر سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن انٹرنیشنل کے چیئرمین و صدر زو لی نے شہباز شریف کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو معاشی تعاون میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اپنی محنت اور صلاحیتوں کی بنا پر چین میں بھی بہت مقبول ہیں۔ سی پیک کے منصوبوں کی تیز رفتار اور شفافیت سے تکمیل کیلئے شہبازشریف نے دن رات کام کیا ہے۔ پنجاب میں ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے تحت منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اقوام عالم کیلئے مثال بن چکی ہے اور دونوں ممالک میں مضبوط معاشی تعاون موجود ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے باعث ناصرف پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں بلکہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں۔ سی پیک چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا پاکستان کے عوام کیلئے ایسا انمول تحفہ ہے جس نے پاک چین دوستی کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا ہے۔ پاکستانی عوام چین کے اس بے مثال معاشی تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر غیرمعمولی رفتار سے کام کیا گیا ہے اور توانائی کے کئی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے۔ سی پیک کے تحت چین کی اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے‘ معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار فضا موجود ہے۔ چینی کمپنی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ چینی کمپنی پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے اسے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔