کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی‘ ہسپتال داخل
لندن+لاہور (عارف چودھری+ ایجنسیاں+خصوصی رپورٹر+نیشن رپورٹ) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ روز طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں ایمرجنسی میں داخل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو ڈاکٹروں نے کینسر تشخیص کیا ہے اور ان کا علاج لندن میں جاری ہے جہاں ان کے بچے ان کی تیمارداری کے لئے موجود ہیں۔ کلثوم نواز کو ایمبولینس کے ذریعے لندن کے پرنس گریس ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ایمرجنسی میں منتقل کیا۔ بیگم کلثوم نواز کو مریم، حسن اور حسین نواز نے ہسپتال منتقل کیا جبکہ نوازشریف کو بھی ان کی طبیعت کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ مریم نواز نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے اپنی والدہ کی طبیعت بگڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ شام ہسپتال لے جایا گیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امی کی طبیعت بہترکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنی والدہ کے لیے دعا کی بھی اپیل کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے آج لندن روانہ ہوں گے۔ بیگم کلثوم نواز کی نئی ٹیسٹ رپورٹس آ گئی ہے۔ میاں نوازشریف نے معالج سے فون پر بات کی ہے۔ اگلے آپریشن کیلئے نوازشریف کے دستخط کی ضرورت ہے۔آئی این پی کے مطابق نواز شریف نے 10 برس کیلئے برطانوی ویزا حاصل کرنے کی درخواست دی تھی۔ گزشتہ روز انہوں نے خود لاہور میں کوئینز روڈ پر جاکر نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے اپنا پاسپورٹ حاصل کرلیا۔