ننکانہ، کوٹ رادھا کشن: بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز کرگیا، عوام کا احتجاج
ننکانہ صاحب، کوٹ رادھا کشن (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری، شہریوں کا وزیراعظم پاکستان سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10تا 12گھنٹے دیہات میں 12تا 14گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ محلہ بالیلا، ہائوسنگ کالونی، غلہ منڈی روڈ، اسٹیڈیم روڈ، محلہ عثمانی کھوہ ودیگر علاقوں کے مکینوں نے شدید احتجاج کرتے بتایا کہ حکومتی سوچی سمجھی سازش کے تحت غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر رہی ہے تاکہ عوام بجلی کی قیمتوں کے بڑھانے پر احتجاج کرنے کی بجائے بجلی کی سپلائی کو پورا کرنے کا رونا روئے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت سے صرف تین ماہ میں توانائی بحران پر مکمل قابو پانے کا وعدہ کرکے عوام سے ووٹ حاصل کیے تھے مگر چار سال کا عرصہ گزرجانے کے باعث تاحال بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو نہ پایا جاسکا ۔ حکومت نے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو عوام آئندہ الیکشن میں انہیں مسترد کردیں گے۔ کوٹ رادھاکشن اور گردونواح میں غیر اعلانیہ فورس لوڈشیڈنگ مسلسل جاری ہے جس سے کاروباری حلقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق محرم الحرام میں لوڈشیڈنگ نہ کی جانے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹا جاسکے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ جو 14گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکا ہے۔مساجد میں وضو کے لیے پانی تک دستیاب نہ رہا شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی جائے۔