• news

سانگلا: پولیس کی زیر حراست اشتہاری ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

سانگلاہل (نمائندہ نوائے وقت) تھانہ صدر پولیس اور گرفتار اشتہاری شاہد ندیم عرف شاہدو بھٹی کے 5ساتھیوں کے مابین مقابلہ کے دوران زیر حراست اشتہاری شاہد ندیم عرف شاہدو بھٹی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ تفصیل کے مطابق شاہد ندیم عرف شاہدو تھانہ صدر پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ صدر کی چوکی مڑھ بلوچاں کے انچارج سعدی احمد اور پولیس ملازمین گرفتار شاہدو بھٹی کو مال مسروقہ کی برآمدگی کیلئے سرکاری گاڑی پر لے کر گئے، نماز فجر کے بعد وہ واپس آرہے تھے کہ کوٹ نکہ پھاٹک کے قریب ملزم کے ساتھیوں نے سڑک کو جھاڑیوں سے بلاک کردیا۔ پولیس گاڑی رکی تو ایک سفید کار میں سے 5 مسلح افراد نے آواز میں آواز دی کہ شاہدو بھٹی کو چھوڑ دو ورنہ جان سے مار دینگے۔پولیس کے انکار پر مسلح افراد نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کی زد میں آکر شاہدو بھٹی زخمی ہوگیا۔ تھانہ صدر کے انچارج محمد نواز ورک بھی بھاری نفری کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ گئے تو ملزمان کار میں فرار ہوگئے،شاہد ندیم عرف شاہدو بھٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔ تھانہ صدر پولیس نے انچارج چوکی مڑھ بلوچاں کی مدعیت میں شاہد و کو قتل کرنے اور پولیس پر فائرنگ کرنے کے الزام میں شاہدو کے5نامعلوم ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن