• news

6 خودکشیاں: نواں کوٹ میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ خاتون کی خودسوزی

لاہور، کامونکے، کوٹ رادھا کشن، قصور، (نامہ نگار+ نمائندگان) نواں کوٹ کے علاقے میں 26 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر خودسوزی کر لی۔ڈھولنوال بلال کالونی میں رہائشی مصطفی کی شادی 5 سال قبل کوٹ لکھپت کی شہناز بی بی سے ہوئی تھی۔ انکے ہاں 3 بچے پیدا ہوئے۔ مصطفی کئی ماہ سے کام نہ ملنے کی وجہ سے بے روزگار تھا جس کی وجہ سے گھر میں فاقوں کی نوبت آگئی تھی جس پر میاں بیوی میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔ اسی بنا پر گزشتہ روز شہناز بی بی نے دلبرداشتہ ہوکر خود پرتیل چھڑک کرآگ لگالی۔ اسکی چیخ و پکار سن محلے دار اکٹھے ہوگئے جنہوں نے خاتون کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا جہاں شہناز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔ علاوہ ازیں ساہیوال، سمبڑیال، کامونکے، کوٹ رادھا کشن اور قصور میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 3 خواتین سمیت 5 نے خودکشی کرلی۔ ساہیوال میں 18 سالہ فرحان کو والدین نے پسند کی شادی کی خواہش پر ڈانٹا تو اس نے نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔سمبڑیال میں 18 سالہ بیٹی کومل نے پسند کی شادی نہ ہونے پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔کامونکے میں 22 سالہ مقدس نے والدین کے ڈانٹنے پر زہریلی گولیاں کھاکر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ کامونکے کے محلہ دولت پورہ کا کاشف عرصہ دراز سے ہیروئن کے نشہ کا عادی تھا گذشتہ صبح منڈیالہ روڈ پھاٹک کے نزدیک لاہور سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار ٹرین کے نیچے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ کوٹ رادھا کشن کے نواحی گائوں رتی پنڈی کے دین محمد کی 25 سالہ بیٹی نے بیماری سے تنگ آکر زہریلی چیز کھا کر خودکشی کرلی۔

ای پیپر-دی نیشن