• news

جنگ شمالی کوریا کے لئے تباہ کن ہو گی‘ ٹرمپ: لفظی گولہ باری سے تصادم بڑھے گا‘ چین

واشنگٹن(آن لائن+آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ناگزیر حالات میں شمالی کوریا پر حملے کا آپشن استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے اور جنگ پیایانگ کیلئے تباہ کن ثابت ہو گی ۔ امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جنرل مک ماسٹر کے بعد صدر ٹرمپ نے بھی شمالی کوریا کو جنگ کی وارننگ دے دی اور سپین کے وزیراعظم کے ساتھ پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ شمالی کوریا پر حملے کیلئے تیار ہیں۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ اس صورتحال سے بچنا چاہتے ہیں تاہم ناگزیر حالات میں آ پشن استعمال کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ سپین کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف عالمی پابندیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے معاملے کے سیاسی حل پر زور دیا۔دوسری طرف امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے کہا ہے کہ امریکہ، شمالی کوریا نیو کلیئر تنازعے کا سفارتی حل چاہتا ہے۔ ہمارے پاس یہ صلاحیت موجود ہے کہ شمالی کوریا کے انتہائی سنگین خطرات کا مقابلہ کر سکیں لیکن ہم اس معاملے کو اپنے سفیروں کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب شمالی کوریا کے پڑوسی اتحادی چین نے متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی تصادم کی صورت میں کوئی فاتح نہیں ہوگا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ کا کہنا تھا کہ لفظی گولہ باری سے صرف تصادم کا خطرہ بڑھے گا اور بات چیت کے ذریعے معاملے کے حل کے امکانات کم ہوجائیں گے۔ امریکہ نے شمالی کوریا کے 8 بینکوں اور انکے26 منتظمین پر تعزیرات عائد کرنے کا اعلان کردیا ۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیون نوشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے ذریعے ہم شمالی کوریا کو اکیلا کرنے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہوسکیں گے، جس سے جزیرہ کوریا کو پُرامن اور جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے وسیع تر مفاد کا حصول ممکن ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن