بہاریوں کے شناختی کارڈ کے اجرا میں رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا:گورنر سندھ
کراچی (وقائع نگار) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ بہاریوں کے قومی شناختی کارڈ کے اجراءمیں رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اس مسئلے کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے وہ بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریکِ محصورین مشرقی پاکستان کے چیئرمین بریگیڈیئر (ر) صلاح الدین کی قیادت میں ان سے ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 1971ءکی جنگ میں ملک کی بقاءکیلئے محصور پاکستانیوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ کا حصول ہر پاکستانی کا حق کا ہے اس حق سے انہیں کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی شناختی کارڈ کے حوالے سے اسلام آباد کے اعلیٰ حکام سے رابطے میں ہیں جلدہی اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا ۔ قبل ازیں بریگیڈیئر (ر) صلاح الدین نے گورنر سندھ کو یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2013ءکے انتخابات سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف کراچی آئے تھے تو انہیں تنظیم کی جانب سے ایک یادداشت پیش کی گئی تھی جس میں ان سے بنگلہ دیش میں محصورپاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اپیل کی گئی تھی جس پر انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ اگر الیکشن میں کامیابی ملی اور مرکز میں حکومت بنانے کا موقع ملا تو محصورین کی منتقلی کا مسئلہ حل کرلیا جائے گا لیکن تاحال یہ وعدہ وفا نہ ہوا۔ علاوہ ازیں صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندہ محمد زبیر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی گنجائش نہیں ہے، ایسی باتیں کرنا ملک سے غداری ہے، سسٹم ڈی ریل نہیں ہونا چاہیے اسے چلتے رہنا چاہیے۔ محمد زبیرنے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے برآمد کنندگان کے ریفنڈ فوری جاری کرنے کے احکامات دیدیئے ہیں۔ ملک میں سرمایہ کاری اس وقت بڑھے گی جب تاجروں کا ریفنڈ کا معاملہ حل ہوگا۔