عمران نے کئی موقف بدلے‘ مسترد کیا جائے: حنیف عباسی‘جھوٹ اور انکی اصلیت قوم کو دکھانا چاہتے ہیں: طلال
اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت+اے این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران کی نااہلی کے حوالے سے زیرسماعت مقدمہ میں ایک نئی متفرق درخواست دائرکردی، اکرم شیخ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائردرخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے مقدمے کی سماعت کے دوران بنی گالا کی ملکیت، بنی گالا اراضی کی خریداری کیلئے سابقہ اہلیہ سے قرض لینے اور نیازی سروسز نامی آف شور کمپنی کے بارے میں کئی بار موقف بدلے۔ عمران کا تازہ ترین موقف بھی پچھلے مو¿قف کے خلاف ہے جسے مسترد کردیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان نے سال 2000 ءکے ٹیکس گوشواروں میں 65 لاکھ کی رقم جمائما کو بطور گفٹ دکھائی گئی جب کہ انتخابات میں کاغذات نامزدگی میں گفٹ کے خانے میں کچھ نہیں لکھا گیا ، اس لئے استدعاہے کہ اس تضاد کوپیش نظرر کھتے ہوئے ان کاموقف مستردکیاجائے۔ ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران کے کیس میں روز نئے انکشافات ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شریف فیملی کے ہر کیس میں عجلت سے کام لیا گیا اور نوازشریف کو سزا دینے، نااہل کرنے اور سیاست سے ہٹانے کی بہت جلدی لگتی ہے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ عمران کو جتنے مواقع ملے اتنے جھوٹ بولے، ہم قوم کو دکھانا چاہتے ہیں نیک شخص کی اصلیت کیا ہے، اس کی جیب سے منی لانڈرنگ نکلی ہے، عمران کہتے ہیں ساری غلطیاں معصوم ہیں اور ساری معاف کر دی جائیں لیکن ہم اب ان کی اصلیت سامنے لانا چاہتے ہیں۔