رضا ربانی کو پروٹوکول نہ دینے پر ایڈیشنل آئی جی سندھ کی معذرت
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے استحقاق و قواعد و ضوابط کے اجلاس میں آئندہ اجلاس میں ڈی جی پروٹو کول ایوان صدر، چیف سیکرٹری، آئی جی صوبہ سندھ، کمشنر کراچی کو طلب کر لیا۔ اجلاس مےں قائم مقام صدر مملکت میاں رضا ربانی کے دورہ کراچی کے موقع پر پروٹوکول نہ دینے پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے معذرت کر لی۔ مجلس قائمہ کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ قائم مقام صدر مملکت کے دورہ کراچی کی ایوان صدر سے باقاعدہ اطلاع نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی جبکہ صدر ممنون حسین نے کراچی ایئر پورٹ پر کسی کو پروٹوکول نہ دینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ صدر مملکت خود بھی کراچی میں پروٹوکول لینے سے گریز کرتے ہیں جمعرات کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی کی صدارت میں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ صدر مملکت آئین کے تحت پارلیمان کا حصہ ہیں آئینی تقاضوں اور صدر مملکت کے عہدے کے مطابق پروٹوکول دیا جانا ضروری تھا یہ معاملہ کسی شخص کا نہیں بلکہ ملک کے سب سے بڑے آئینی عہدے اور پارلیمان کے تقدس کا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے بھی ان معاملات کا نوٹس نہیں لیا گیا چیئرمین سینٹ کے سرکاری و غیر سرکاری دوروں پر سرکاری طور پر پروٹوکول فراہم نہ کرنے کے پہلے بھی واقعات ہو چکے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ قائم مقام صدر مملکت کراچی کے دورے پر آئیں تو صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری، پولیس، کمشنر کراچی اور متعلقہ علاقے کے ڈپٹی کمشنر لا علم ہوں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جواب میں تضاد پر تحریک استحقاق کے جائزہ کے دوران محرک سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اسلام آباد میڈیکل بورڈ نے دو پائلٹس کو ان فٹ قرار دیا اور کراچی میڈیکل بورڈ نے انہی پائلٹس کو فٹ قرار دے دیا۔ ایوان بالاءمیں وزیر مملکت کے دیئے گئے بیان اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے فراہم کردہ دستاویزات میں ایئرو میڈیکل ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی بے ضابطگیوں، محکمانہ تحقیقات، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے بارے میں بھی واضح جواب نہیں۔ ممبران کمیٹی نے موقف اختیار کیا کہ طیارے اڑانا انتہائی اہم شعبہ ہے، سینکڑوں جانوں کا سوال ہوتا ہے بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ محکمہ کے موجودہ طریقہ کار سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں اگر طریقہ کار یہی ہے تو رولز تبدیل کرنے کی سفارش کریں گے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ایئر میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے رولز طلب کر لیے۔