• news

پشاور، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 گرفتار: کراچی سے داعش کیلئے بھرتی کرنیوالا پکڑا گیا

کراچی / بنوں ہارون آباد/اسلام آباد/قصور / بنوں / سید والا / گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ +نامہ نگارن+ نمائندہ خصوصی+آئی این پی) کراچی میں کینٹ سٹیشن کے قریب ایف آئی اے نے کارروائی کرکے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو داعش میں بھرتی کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا،ایف آئی اے کا¶نٹر ٹیررازم ونگ کے مطابق دہشت گرد کا تعلق داعش سے ہے۔ دہشت گرد کی شناخت خلیل الرحمان کے نام سے ہوئی جو شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے داعش میں بھرتی کرتا تھا اور مختلف کالعدم تنظیموں کے 50 سے زائد فیس بک پیج بھی چلا رہا تھا، ان پیجز پر نفرت انگیز مواد سمیت دیگر چیزیں لوڈ کرتا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق دہشت گرد کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، اس کے قبضے سے 2 موبائل فون، کالعدم داعش کے 2 جھنڈے اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جب کہ موبائل فون کو فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ دہشت گرد کے خلاف اسلام آباد میں واقع کا¶نٹر ٹیررازم ونگ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کو کراچی کی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے حکام نے تفتیش کے لیے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے اسے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ دوسری طرف محکمہ انسداد دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سی ٹی ڈ ی بنوں نے ضلع لکی مروت کی حدود تھانہ نورنگ کے علاقہ ممہ خیل میں چھاپہ مار ا تو موقع پر موجود تین مشتبہ کسانوں نے پولیس کو دیکھتے ہی بھاگنے کی کوشش کی تاہم سی ٹی ڈی نے تینوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے ایک عدد پریشر ککر آئی ای ڈی، بیٹری، الیکٹرک شو بمعہ تار،ڈیڑھ فٹ لمبی پرائما کارڈ بمعہ سیفٹی فیوز،دو ڈیٹو نیٹر،ایک عدد پستول 30بور بمعہ 05عدد کارتوس اور دو عدد ہینڈ گرنیڈ قبضہ میں کر کے بارودی مواد کو موقع پر بم ڈسپوزل سکواڈ طلب کرلیا جنہوں نے پریشر کُکر میں موجودآئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈزکو ناکارہ بنا دئیے۔ گرفتار ملزمان نے اپنے نا م مولوی محمد ابراہیم ،رفیع اللہ اور قمر زمان بتائے جنہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔سی ٹی ڈی نے ہارون آباد میں کارروائی کر کے ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی ملتان کی ٹیم نے حساس اداروں کی اطلاع پر ہارون آباد میں کارروائی کی۔بہاولنگر کی سی ٹی ڈی کے انچارج کارروائی سے لاعلم رہے جبکہ ضلعی پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ،گرفتار دہشت گرد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، دہشت گرد محمد رفیق شاکر کو بلدیہ کالونی سے گرفتار کیا گیا جس کے قبضہ سے اشتعال انگیز لٹریچر ،پستول اور4موبائل برآمد کئے گئے۔ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر مبینہ دہشت گرد رفیق شاکر کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں تھانہ سبزی منڈی کے اطراف حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران دو افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا‘سرچ آپریشن میں 5 ہاسٹل‘ 15 ہوٹل اور 155 لوگوں کی تلاشی لی گئی۔ گرفتار افغان باشندوں کو تھانہ سبزی منڈی منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ دوسری طرف قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کےلئے پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 8 مشتبہ سمیت22 افراد گرفتارکرلیا۔ قصور،کھڈیاں ،راجہ جنگ ،چونیاں، الٰہ آباداور پتوکی میں سرچ آپریشن کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب10خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا، مشتبہ ملزموں کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف اور رائفل سمیت بھاری تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ 4 ملزمان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی۔سید والا اور گردونواح میں سرچ آپریشن کے دوران 52 گھروں کو چیک کیا گیا، 85 لوگوں کی بائیو میٹرک چیکنگ کی گئی جبکہ 3 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی نے چھاپہ مار کر کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لیکر دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ حافظ آباد روڈ پر کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد عبدالغفار خان کو حراست میں لیکر اسکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن