• news

یوم عاشور کل عقیدت و احترام سے منایا جائیگا‘ لاہور سمیت کئی شہروںمیںموبائل فون‘ انٹر نیٹ سروس بند

لاہور + کراچی + پاراچنار (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار + کامرس رپورٹر + ایجنسیاں) ملک بھر میں یوم عاشور کل مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا، چھوٹے بڑے شہروں قصبوں میں علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے اور شام غریباں برپا کی جائے گی، آج (نویں) اور کل (دسویں محرم پر) ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی، سبیلیں اور لنگر تقسیم کیا جائے گا، یوم عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ آج نو محرم الحرام کو ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے اور پھر مجلس شب عاشور کا انعقاد کیا جائے اس رات شب بیداری کی جائے گی اور مخصوص اعمال اداکئے جائیں گے، آج (9 محرم کی) رات صوبائی دارالحکومت میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس قدیمی نثار حویلی سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا کل (یوم عاشور کی) رات کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ لاہور میں 8محرم الحرام کے موقع پر مختلف مقامات پر مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں شہدء کربلا کی فضیلت بیان گئی گزشتہ روز ذوالجناح کے جلوس نکالے جن میں مرکزی جلوس امام بار گاہ بلاک سیداں اسلام پورہ سے برآمد ہوا۔ جبکہ اندرون شہر امام بارگاہ دربار حسین سندر شاہ موری گیٹ سے برآمد ہونے والا جلوس پرانی انارکلی موج دریا پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جبکہ جلوس صبح 9بجے گول گرائونڈ شادباغ سے برآمد ہوا۔ شبیہ ذوالجناح کا ایک جلوس دوپہر دوبجے امام بارگاہ حسینیہ بھارت نگرچمڑہ منڈی سے برآمد ہوا۔ شام6 بجے امام بارگاہ خواجہ ذوالفقار مومن پورہ سے شبیہ گہوارہ علی اصغرؓ برآمد ہواجبکہ رات 9بجے سید مٹھا بازار سے جلوس تعزیہ برآمد ہو کر ایک بجے رات کے قریب چوک ناولٹی سینما میںاختتام پذیر ہواجبکہ دیگرامام بارگاہوں سے بھی شبیہ ذوالجناح، تعزیہ اور علم کے جلوس برآمدہوئے۔ آج سے لاہور سمیت انتہائی حساس شہروں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی جائے گی جب کہ دیگر حساس شہروں کے علاوہ امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں اور ان کے راستوں پر بھی جیمر کے ذریعے موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل کی جائے گی۔ یہ سروس 10 محرم کو رات 12 بجے بحال کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آج اور کل نویں اور دسویں محرم میں صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کامر س رپورٹر کے مطابق وزارت بجلی و پانی نے لیسکو سمیت تمام ڈسکوز کو نو اور دس محرم کو مجالس اور جلوسوں والے روٹوں پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ تمام ڈسکوز کے جانب سے گزشتہ روز مغرب کے بعد سے ہدایت پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا۔ گزشتہ مغرب کے بعد سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے صبح کے وقت شیڈول سے زائد لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔شہروں میں صبح کے وقت ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ دیہی علاقوں میں دن کے ساتھ رات کو بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ نامہ نگار کے مطابق پولیس نے لاہور سمیت صوبہ بھر میںنویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں۔صوبہ بھر میں 9173 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 135370اہلکاروافسران پر مشتمل نفری فرائض سرانجام دے گی۔ جن میں 26534پولیس قومی رضاکار، 5590سپیشل پولیس اور67692 رضاکاربھی پولیس کی معاونت کریںگے۔ دس اضلاع لاہور ،راولپنڈی ،ملتان ،جھنگ ،سرگودھا ،گجرات ،فیصل آباد ،وہاڑی ،بہاؤلپور اور لیہ کوانتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں893حساس مقامات کی نشاندہی کر کے انہیںکیٹیگری اے، بی اور سی میں تقسیم کر کے سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ حساس اضلاع اور مقامات پر فوج اور رینجر زکی تعیناتی کے علاوہ فوج اور رینجر ز کے دستوں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سٹینڈبائی رکھاگیا ہے۔ دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر گزشتہ روز پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے شہر بھر میں ناکے لگائے رکھے جب کہ نماز جمعہ کے وقت مساجد، امام بارگاہوں‘ نماز جمعہ کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے۔ رینجرزاورپولیس نے امن وامان کی صورت حال کوبہتررکھنے کے لیے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹس پرفلیگ مارچ کیا۔ لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں 9اور دس محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد ہو گی۔ کراچی، فیصل آباد سمیت سندھ اور پنجاب کے کئی اضلاع میں موبائل فون سروس بند رہی جو رات 10 بجے بحال کر دی گئی۔ دوسری طرف کراچی اور پشاور میں تین دن کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ خیبر پی کے کے حساس اضلاع میں 9 اور دس محرم کو موبائل سروس بند ہوگی۔ محرم الحرام میں جنوبی وزیرستان میں پاکستان افغان بارڈر کو 5دن کے لئے سیل کر دیا گیا، انتہائی حساس قرار دئیے گئے پاراچنار کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے۔نویںاوردسویں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے پاک فوج کی کمپنیاں ننکانہ صاحب بھی پہنچ گئیں۔ دوسری طرف وزارت داخلہ نے 9 اور 10 محرم کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 30 ستمبر اور کل یکم اکتوبر کو چھٹی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن