گرین شرٹس نے نئی گیند کا استعمال ٹھیک نہیں کیا ، 3 فاسٹ باولرز کا فیصلہ بھی غلط تھا : مدثر نذیر ، اشرف علی ،عامر نذیر
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ ہمارے فاسٹ باولرز نے نئی گیند کا اچھا استعمال نہیں کیا۔ ابو ظہبی کی اس پچ پر تین فاسٹ باولرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ بھی غلط ہے۔ تیز گیند بازوں کو اتنی لمبی باولنگ کروانا درست نہیں ہے۔ دو سپیشلسٹ سپنرز کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے تھا ایک فاسٹ باولر ایسا شامل کرنا ضروری تھا جو ایک سو چالیس یا اس سے تیز رفتاری کے ساتھ باولنگ کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔ سری لنکا نے اچھے رنز کر لیے ہیں پاکستانی بلے بازوں کو دباو میں نہیں آنا چاہیے۔ سری لنکا کے پاس ہیراتھ کی شکل میں ایک خطرناک گیند باز موجود ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر اشرف علی کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو اچھی بیٹنگ کا کریڈٹ دینا چاہیے انہوں نے حالات کے مطابق بلے بازی کی ہے ٹاپ آرڈر بلے بازوں بالخصوص چندی مل نے پاکستانی باولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہمارے باولرز نے لائن و لینتھ پر باولنگ نہیں جس وجہ سے سری لنکا کو بیٹسمنوں کو سیٹ ہونیکا وقت ملا۔ عامر نذیر کا کہنا تھا کہ مہمان ٹیم مسلسل شکستوں سے دوچار تھی پہلے میچ کی پہلی اننگز میں ہی اتنی عمدہ بلے بازی کے بعد انہیں اعتماد ملا ہے۔ ہمیں ملبہ پچ پر ڈالنے کے بجائے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔ سخت کنڈیشنز میں فاسٹ باولرز کی لمبی باولنگ مسائل پیدا کر سکتی ہے۔