تخریب کاری کے کئی منصوبے نا کام :سگیاں پل قریب کاروائی 5 دہشت گرد ہلاک
لاہور/ اسلام آباد/ گوجرانوالہ/ پشاور (خصوصی رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+ خصوصی نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ خبرنگار+ نامہ نگاران) ملک بھر میں آج یوم عاشور نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا، مجالس عزاء منعقد ہوں گی جبکہ علم، تعزیئے اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس نکالے جائیں گے شام کو مجالس شام غریباں برپا ہوں گی، محرم الحرام کے جلوسوں میں سیکورٹی خدشات کے باعث ملک بھر میں موبائل فون سروس معطل، لاہور سمیت کئی شہروں میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ لاہور میں میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی۔ دوسری طرف جلوسوں کے راستوں پر عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں، فضائی نگرانی بھی کی جائیگی۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، سکھر، حیدر آباد سمیت انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں۔ لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگیا۔ 10محرم الحرام کو جلوسوں کے ہمراہ جیمر گاڑی اور موبائل سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سیکورٹی امور کی نگرانی کی جائے گی۔ 9 محرم کو بھی کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے رات 10 بجے تک بند رہی۔ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں نویں محرم کو کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنے مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوئے۔ دوسری جانب رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف شہروں میں کی گئی کارروائیوں میں 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے رینجرز اور پولیس نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں پٹرولنگ اور فلیگ مارچ کیا۔ حساس علاقوں کے قریب کوئیک ری ایکشن فورسز تعینات کردی گئی۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان میں انٹیلی جنس معلومات پر آپریشنز کئے گئے۔ ڈی جی خان، سیالکوٹ، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی کارروائیاں کی گئیں جن میں مجموعی طور پر 27 مشتبہ افراد گرفتار اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ لیویز نے حساس ادارے کی نشاندہی پر محرم الحرام کے دوران کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری تعداد میں بارودی مواد اور اسلحہ بر آمد کرلیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو کے مطابق حساس ادارے کی نشاندہی پر لیویز نے آپریشن ردالفساد کے تحت کوہلو میں کاہان کے علاقے مخی نالہ پر کارروائی کی۔ ڈپٹی کمشنر کوہلو آغا نبیل کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحہ میں 150عدد ایم وائی بی فیوز،بڑی تعداد میں ایل ایم جیز سمیت تین عدد ہینڈگرنیڈ، مارٹرگن، ونیٹرکیبل، مارٹر گولہ، اینٹی ٹینک مائنز، مشین گنز اور رائفل شامل ہیں تاہم اس دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ لیویز ذرائع کے مطابق بر آمد کیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود کو محرم الحرام کے دوران تخریب کاری کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔ کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے تخریب کاری کی سازش ناکام بنا دی۔ پشین میں بارود سے بھری گاڑی پکڑ لی۔ منصوبے کے ماسٹر مائنڈ کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ بارود سے بھری گاڑی محرم کے جلوس میں تخریب کاری کیلئے استعمال ہونی تھی۔ بارودی گاڑی پشین کے شمالی علاقے طورشاہ سے برآمد کی گئی ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق دوران چیکنگ پانچ مشتبہ افراد دھر لئے گئے جنہیں تفتیش کیلئے تھانہ سٹی منتقل کردیا گیا۔ چیکنگ مین بازارعظمت خان نان شاپ پر موجود چارسدہ کے رہائشی 16 سالہ جنت گل، 17 سالہ بہار گل اور 14 سالہ عمر خان وغیرہ کو چیک کیا گیا جو کسی قسم کی کوئی شناخت پیش نہ کرسکے۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے مطابق نیکٹا، سکیورٹی اداروں اور صوبوں نے موبائل فون سروس معطل کرنے کی درخواست کی تھی، موبائل فون سروسز معطلی کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ محرم الحرام میں ملک بھر میں فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ پاک افغان سرحدی علاقے اور ایرانی سرحدی علاقے میں بھی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران متعددمشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا اقبال ٹائون کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوارن 2مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ٹمبر مارکیٹ، بند روڈ، اندرون شہر، داتا دربار کے گردو نواح ، بھاٹی گیٹ اور کربلا گامے شاہ کے گردونواح میں آپریشن کیے گئے اس دوران شہریوں کی بائیو میٹرک طریقے شناخت کی گئی اس دوران متعدد افراد کو مشکوک ہونے پر حراست میں لے لیا گیا پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن رات بھر جاری رہیں گے۔ علاوہ ازیں لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوگیا۔ قبل ازیں نثار حویلی میں مجلس عزا ہوئی۔ جلوس اپنے قدیمی راستوں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک سے لوئر مال پر کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوجائیگا جہاںشام غریباں کی مجلس ہو گی۔ جلوس کے مرکزی روٹ پر سکیورٹی انتظامات کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ساتھ مجلس وحدت مسلمین کے وحدت یوتھ، وحدت سکاؤٹس اور رضاکاران موجود ہیں۔ 9 ویں محرم کا جلوس پانڈو سٹریٹ سے برآمد ہوا۔ سکیورٹی کے انتہائی سخ اقدامات کئے گئے تھے۔ پولیس افسر تمام دن اور رات جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے موجود رہے۔ لاہور سے کامرس رپورٹر کے مطابق حکومت پنجاب نے یوم عاشور کے موقع پرآج تمام ٹیچنگ ہسپتالوں سمیت ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رکھا ہے۔ اس حوالے سے تمام ہسپتالوں کے شعبہ حادثات میں ڈاکٹروں نرسز پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر عملے کو آئندہ 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور (سٹاف رپورٹر) سی ٹی ڈی نے سگیاں پل کے قریب دریائے راوی کے کنارے کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق تین دہشت گرد فرار ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے بارودی مواد، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت ضرار کے نام سے ہوئی ہے۔ دہشت گردوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی اور جوابی کارروائی میں مارے گئے۔