.حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کو غسل‘ شہبازشریف‘ اسحاق ڈار کی شرکت
لاہور (خصوصی رپورٹر+سٹاف رپورٹر) حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کو سالانہ غسل مبارک دینے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، صوبائی وزراء زعیم حسین قادری ، بلال یسیٰن، مجتبیٰ شجاع الرحمن، اراکین اسمبلی اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف، وفاقی وزیر اسحاق ڈار، صوبائی وزراء اور دیگر شخصیات نے حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا اور مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین‘ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن‘ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور زعیم حسین قادری نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، داتا دربار کے گردونواح میں سرچ آپریشن کئے گئے جبکہ دربار کو جانے والے تمام راستوں پر پولیس کے علاوہ سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔