کالعدم تنظیموں کو خفیہ قوتوں کی مبینہ حمایت پر سینٹ میں پیپلز پارٹی کا توجہ دلائو نوٹس جمع
اسلام آباد (این این آئی) کالعدم تنظیموں کو خفیہ قوتوں کی مبینہ طور پر حاصل حمایت کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ۔نوٹس میں موقف اختیار کیا کہ وہ وزارت داخلہ کی توجہ اس جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ دہشت گردوں کو ایک انٹیلی جنس ایجنسی کی کیطرف سے خفیہ طور پر تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باوجود مولانا مسعود اظہر کو بغیر کسی وضاحت کے تحفظ فراہم کیا جاتا رہا ۔ ملا اختر منصورسے ملنے والے پاکستانی شناختی کارڈ کے بعد طالبان کے محافظوں کی تحقیقات ہونی چاہئیں تھی۔ تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ نام لئے بغیر سوال اٹھایا کہ کالعدم تنظیم کی سپورٹ والے امیدوار کو این اے 120 میں الیکشن لڑنے کی اجازت کس نے دی جو قانون کی خلاف ورزی ہے ۔سینیٹر فرحت اللہ بابر نے الزام لگایا کہ وزارت داخلہ نے انتخابی مہم کے دوران مذکورہ حلقے میں کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کی تصاویر اور پوسٹرز کا نوٹس نہیں لیا۔گزشتہ دنوں آئی بی ملازم کی طرف سے اپنے ہی ادارے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی پٹیشن کا حوالہ دیتے ہوئے پی پی پی کے سینیٹر نے کہا کہ انٹلی جنس ایجنسی کے ایک ملازم نے اپنے ہی ادارے کے حکام پر سنگین الزام عائد کئے ہیں۔