• news

سیاسی سمجھ بوجھ سے عاری عمران اپنی پارٹی کیلئے بوجھ بن گئے : پرویز رشید

لاہور( این این آئی)سابق وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سیاسی سمجھ بوجھ سے عاری عمران خان خود اپنی جماعت کیلئے بوجھ بنے ہوئے ہیں، وہ بتائیں کہ پختونخوا ہ کا چیئرمین احتساب کمیشن کیوں بھاگا؟ جمہوریت اور سیاسی سسٹم ناتجربہ کار قیادت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ہر ایشو پر بدلتا نکتہ نظر ان کی اپنی پارٹی کیلئے باعث شرمندگی بنا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن کے ذریعے وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھنے والے اس اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیوں بننا چاہتے ہیں؟ الیکشن کمیشن، احتساب اور پارلیمنٹ کے موضوعات پر عمران کا موقف سیاسی ناپختگی کا ثبوت ہے۔پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کسی کو اپنا لیڈر چھیننے کی اجازت نہیں دے گی، 3 اکتوبر کا دن واضح پیغام دے گا کہ نواز شریف کی لیڈرشپ چھینی نہیں جا سکتی، پارٹی صدارت پر نواز شریف کا انتخاب جمہوریت کے مستقبل کیلئے نیک فال ثابت ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن